پشاور(صباح نیوز) خیبر پختونخوا کے ہسپتالوں میں طبی آلات اور ایمرجنسی ادویات کی قلت کے معاملے پر سیکرٹری صحت نے نگراں وزیرِ اعلی کو خط لکھ دیا۔
خط کے مطابق ہسپتالوں میں طبی آلات اور اینٹی ریبیز ویکسین سمیت ایمرجنسی ادویات کی قلت ہے، صوبے بھر کے ہسپتالوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے 9 ارب روپے درکار ہیں۔
خط میں بتایا گیا ہے کہ فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث ادویات کی فراہمی کے لیے کوئی آرڈر نہیں دیا گیا، محکمہ صحت کے ذمے 2 ارب 67 کروڑ 40 لاکھ روپے کے واجبات ہیں۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ مالی سال 23-2022 کے دوران ادویات کی خریداری کے لیے 90 کروڑ روپے سے زائد مختص کیے گئے تھے۔
خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مالیاتی بحران کے باعث 6 ارب روپے اضافی گرانٹ کی بھی ضرورت ہے۔