ایس ای سی پی کی سٹاک مارکیٹ میں لسٹڈ کمپنیوں کے دفاتر میں باہمی احترام اور تحفظ کے کلچر کو فروغ دینے کے پیش نظر، لسٹڈ کمپنیز(کوڈ آف کارپوریٹ گورننس) ریگولیشنز، 2019 میں اہم ترامیم کی تجویز ،ترامیم کے مسودہ کا نوٹیفیکیشن عوامی مشاورت کے لئے کمیشن کی ویب سائٹ پر جاری

اسلام آباد (صباح نیوز)سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے  سٹاک مارکیٹ میں لسٹڈ کمپنیوں کے دفاتر میں باہمی احترام اور تحفظ کے کلچر کو فروغ دینے کے پیش نظر، لسٹڈ کمپنیز (کوڈ آف کارپوریٹ گورننس) ریگولیشنز، 2019 میں اہم ترامیم تجویز کیں ہیں۔ ترامیم کے مسودہ کا نوٹیفیکیشن عوامی مشاورت کے لئے کمیشن کی ویب سائٹ پر جاری کر دیا گیا ہے۔ مجوزہ ترامیم میں لسٹڈ کمپنیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے لئے لازمی قرار دیا گیا ہے کہ وہ ادارے میں ہراسمنٹ کئے جانے کے خلاف مضبوط پالیسیاں تشکیل دیں جو کہ کام کی جگہ پر خواتین کو ہراساں کرنے کے خلاف تحفظ ایکٹ، 2010 اور متعلقہ صوبائی قوانین سے ہم آہنگ ہوں۔ یہ پالیسیاں تمام ملازمین کے حقوق اور بہبود کو برقرار رکھیں گی اور ان اداروں میں کام کے مساوی ماحول کو فروغ دیں گی۔ان ترامیم میں کام کی جگہ ہر تحفظ کے ایکٹ 2010 کے تحت ہراسگی کے خلاف پالیسیوں کے موثر نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے کئی اقدامات تجویز کئے گئے ہیں جن میں اداروں میں ضابطہ اخلاق کی تشکیل ، ہراسگی کی شکایات اور انکوائری کمیٹی کی تشکیل، اس حوالے سے مجاز اتھارٹی کا عہدہ اور ضابطہ اخلاق کی تمام ملازمین کو آگاہی اور رسائی کو یقینی بناتے ہیں۔یہ اقدام پاکستان میں زیادہ منصفانہ اور اخلاقی کارپوریٹ منظر نامے کی تعمیر کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ کوڈ آف کارپوریٹ گورننس میں ہراساں کرنے کے خلاف مضبوط پالیسیوں کو شامل کرنا ذمہ دارانہ کارپوریٹ اداروں کے قیام کے لئے ضروری ہے ۔ ترامیم کا مسودہ ایس ای سی پی کی ویب سائٹ پرفراہم کر دیا گیا ہے۔