اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر ،سینیٹر شیری رحمن نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ایک بار پھر الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم)کے استعمال پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر کئے گئے پیغام میں شیری رحمن نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو خدشہ ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین ہیک اور جام ہوسکتی ہے، یہ دو ایسے تحفظات ہیں جو ای وی ایم کے ذریعے ہونے والے انتخابات پر سنجیدہ سوالات کھڑے کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ تجربات کے بغیر عام انتخابات ای وی ایم کے ذریعے کرانا ناقابل فہم ہے، دنیا میں کہیں پر بھی پائلٹ ٹیسٹنگ کے بغیر انتخابات نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ آپ پر پہلے ہی آر ٹی ایس کے ذریعے انتخابات مینج کرنے کا الزام ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے کہ الیکشن کمیشن اور اپوزیشن جماعتوں کے اعتراضات کا جائزہ لے۔