اسلام آباد(صباح نیوز) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن و استحکام علاقائی امن کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان ایک نازک موڑ سے گزر رہا ہے اور تمام دنیا کے ممالک پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ انسانی بنیادوں پر افغان عوام کی مدد کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج اسلام آباد میں افغانستان کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ اپنے پڑوسی کے طور پر پرامن اور خوشحال افغانستان کا خواہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان اپنی تاریخ کے نازک موڑ سے گزر رہا ہے اور تمام ممالک پر فرض ہے کہ وہ افغان عوام کی مدد کریں۔
انہوں نے کہا کہ پاک افغان پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کی ایگزیکٹو کمیٹی کی سفارش پر افغان باشندوں کے لیے ویزا کا طریقہ کار آسان بنایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کمیٹی نے افغانستان کے ساتھ تجارت کی راہ ہموار کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی سرحد پر مریضوں اور بالخصوص خواتین اور بچوں کی دیکھ بھال کے لیے ہسپتال بھی قائم کیے جا رہے ہیں۔
سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کی 17ویں او آئی سی کی کامیاب کانفرنس نے افغانستان کے معاملے پر مسلم ممالک کو افغانستان کی سنگین صورتحال کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے سے متعلق حساس دلایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان ایک انسانی بحران سے گزر رہا ہے اور اسے قومی اور بین الاقوامی مدد کی اشد ضرورت ہے۔