لاہور ہائیکورٹ، پی ٹی آئی سے بلے کا نشان واپس لینے کیخلاف درخواست خارج


 لاہور(صباح نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف سے بلے کا نشان واپس لینے کے خلاف دائر درخواست خارج کردی۔

پی ٹی آئی کے رہنما عمر آفتاب ڈھلوں نے تحریک انصاف سے بلے کا نشان واپس لینے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے پی ٹی آئی رہنما کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے اسے خارج کردیا۔

گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ میں تحریک انصاف سے بلے کا نشان واپس لیے جانے کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی تھی، جس میں جسٹس جواد حسن نے تحریک انصاف کی پٹیشن پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ الیکشن کمشنر پنجاب پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ کیسے تسلیم کرسکتا ہے؟ پشاور ہائیکورٹ میں الیکشن کمشنر پنجاب کی اپیل زیر التوا ہے، کیا صوبائی الیکشن کمشنر اپنے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف فیصلہ کر سکتا ہے؟۔جسٹس جواد حسن نے بلے کا نشان واپس لینے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔