لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی و سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا کہ سندھ میں پی پی پی اور پورے ملک میں پی ٹی آئی حکو مت عوام پر عذاب ہے۔آئین اور قانون کی بالا دستی، سماجی اقتصادی اور عدالتی انصاف کا نفاذ جماعت اسلامی کی جدو جہد کی منزل ہے۔سندھ میں بلدیاتی ایکٹ میں پی پی پی حکومت نے شہری حقوق اختیارات چھیننے کے لیے ترامیم کے ذریعے قانون کو کالا بنا دیا ہے ۔
سندھ کے رہنماؤں عبد الحفیظ بجارانی ،حزب اللہ جھکرو سے ملاقات میں لیاقت بلوچ نے کہا کہ کراچی میگا سٹی ہے میگا سٹی کو میگا اختیارات دینا سندھ حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے پورا سندھ پی پی راج کیخلاف سراپا احتجاج ہے عمران خان اور بلاول بھٹو نے عوامی احتجاج کے مقابلہ میں کان بند کر کھے ہیں ۔آمرانہ اور غیر جمہوری رویہ خود ان کے لیے مہنگا سودا ہو گا۔اورسندھ میں وڈیروں کی بیساکھیاں پی پی سیاست کا جنازہ نکال دے گی۔کراچی اور حیدرآباد ہی نہیں اندروں سندھ کا ہر شہری گوٹھ اپنا حق مانگ رہا ہے۔
انہوں نے کہا حکمران اسلام سے انحراف بند کریں قرآن وسنت سے متصادم پاکستان کی اقتصادی غلامی کی ظالمانہ قانون سازی ختم کی جائے اسلام کی حکمرانی ہی پاکستان کو مثالی اسلامی خوشحال فلاحی ریاست بنا سکتی ہے۔سود ،قرضوں،کرپشن بد انتظامی اور نا اہلی کی لعنت کو ختم کر کے خود انحصاری کی بنیاد پر اسلام کا معاشی نظام حل ہے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ قادیانی پاکستان کے آئین کو تسلیم کریں تو انہیں اقلیتوں کے تمام حقوق مل جائیں گے آئین کو نہ مان کر وہ مشکوک اور پاکستان کے لیے ناقابل اعتبار ہیں۔حکومت قادیانی نوازی ختم کرے حکومتی آستینوں میں لادین طبقہ قادیانوں کا آلہ کار ہے ۔
انہوں نے کہا افغانستان میں افغان عوام اور طالبان نے اللہ کی مدد سے عظیم فتح حاصل کی ہے عالمی استعماری قوتیں اور ان کے ایجنٹ افغان عوام کو اسلام کی برکات اور خطہ میں افغان عوام کی کامیابی کے ثمرات سے محروم رکھنے کی سازشیں کر رہے ہیں۔