پیٹرولیم کی قیمتوں میں مزید اضافہ غریب عوام کا معاشی قتل ہے، شہباز شریف


لاہور(صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اورقومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہاہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ ظلم اور غریب عوام کا معاشی قتل ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ نا اہلی، نالائقی اور کرپشن میں ڈوبی حکومت عوام کو مہنگائی کی دلدل میں ڈبو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمتیں کم ہونے پر عوام کو ریلیف نہیں دیا گیا تھا، جبکہ بڑھنے پر خوب پھرتی دکھائی جاتی ہے۔ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کی جیب پر ڈاکا ڈالا گیا ہے۔

شہبازشریف نے کہاکہ حکومتی نااہلی اور ظالمانہ مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے، ملکی تاریخ کی سب سے زیادہ مہنگائی اس وقت ہے، یہ عمران خان نیازی اور ان کی حکومت کی بدترین غفلت اور کرپشن کا نتیجہ ہے ۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے، پیٹرول 3روپے 1پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 3روپے، مٹی کا تیل 3روپے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 33 پیسے اضافہ کیا گیا ہے۔