لاہور (صباح نیوز) نائب امیر جماعت اسلامی، مجلس قائمہ سیاسی انتخابی قومی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے کہا کہ عمران خان سرکار کی ناکامی، نااہلی اور بدانتظامی اسٹیبلشمنٹ کے لئے بدنامی اور رسوائی بن گئی ہے۔
کنٹرولڈ جمہوریت، انتخابات اور سلیکٹڈ حکمران کا تجربہ فارمولا ناکام ہو گیا ہے۔ عوام کا آزاد ذہن کے ساتھ میرٹ پر آزادانہ انتخابات کا حق پاکستان کی ترقی اور استحکام کی ضمانت ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ قومی سلامتی کی پالیسی وہی قومی پالیسی ہو گی جس پر تمام قومی، پارلیمانی قیادت کا اتفاق ہو جائے۔
متفقہ قومی سلامتی پالیسی کے راستے میں وزیراعظم عمران خان خود رکاوٹ بنے۔ قومی سلامتی پر صرف پالیسی بنا لینا کافی نہیں۔ قومی اتفاق رائے، خودانحصاری کی معاشی حکمت عملی اور شفاف و غیرجانبدارانہ انتخابات ضروری ہیں۔ غیرذمہ دار اور کھلنڈرے حکمرانوں کے ہاتھوں آئی ایم ایف کی بدترین شرائط ایٹمی صلاحیت کے لئے بڑا خطرہ بن گئی ہیں۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)، پی پی پی اور پی ٹی آئی نے آئین کے مطابق عوام کو بلدیاتی بااختیار نظام نہیں دیا۔ حکومتی اور ریاستی طاقت سے عوام کو شہری حقوق سے محروم اور بلدیاتی منتخب نمائندوں کو مفلوج بنا دیا گیا ہے۔ کراچی میں 16 دن سے بلدیاتی ایکٹ میں ترامیم کے ذریعے کالے قانون کے خلاف کراچی کے عوام سراپا احتجاج ہیں لیکن سندھ میں جمہوریت اور روایات کی دعویدار پی پی حکومت آمرانہ، غیرجمہوری رویہ اختیار کر چکی ہے۔
بلاول بھٹو وفاقی حکومت کے خلاف لانگ مارچ ضرور کریں لیکن سندھ حکومت کو شہری حقوق سلب کرنے سے باز رکھیں۔ کراچی میگاسٹی ہے کراچی کو میگا اختیارات دیئے جائیں۔ سندھ صوبائی حکومت کراچی کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ گوادر، کراچی میں عوامی احتجاج، دھرنا نے قومی سیاست کا رخ متعین کر دیا ہے۔ جماعت اسلامی عوامی مسائل کے حل کے لئے مضبوط آواز اور ترجمان ہے۔ پورے ملک میں عوام کے حقوق کی بازیابی کے لئے احتجاجی کیمپ کارواں اور دھرنے دیئے جائیں گے۔ عوام کی دشمن اور قومی سلامتی کے لئے خطرناک حکومت سے نجات کے لئے جماعت اسلامی ہی فیصلہ کن کردار ادا کرے گی۔