غیر قانونی تارکین وطن سے متعلق پالیسی تبدیل نہیں ہوگی، انوار الحق کاکڑ


کوئٹہ(صباح نیوز) نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں سے متعلق پالیسی تبدیل نہیں ہوگی، عام انتخابات 2024صاف و شفاف ہوں گے

بلوچستان کے دار الحکومت کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انوار الحق کاکڑ نے کہاکہ ملک میں الیکشن صاف، شفاف اور منصفانہ ہوں گے، تاہم ان کے نتیجے سے متعلق کچھ نہیں کہا جا سکتا، ہرپارٹی کا اپنے حلقے میں اثر و رسوخ ہوتا ہے، انتخابات الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، ہم معاونت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم پرست ہر چیز کو اپنے زاویے سے دیکھتے ہیں، قوم پرست سمجھتے ہیں کہ تمام چیزیں ان کی نظر سے دیکھی جائیں۔ قوم پرست ہرچیزکواپنی نظرسے دیکھتے ہیں۔ بلوچستان میں لوگ کہتے ہیں شفاف انتخابات نہیں ہوئے۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ عام انتخابات2024 صاف اورشفاف ہوں گے۔ جن کو لیول پلیئنگ فیلڈ ملی وہ اپنے داغوں کو لے کر نہیں چلے۔ ہم کون سا داغ لے کر جائیں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگر ہم انتخابات کا انعقاد نہ کرواتے تو داغ ہوتا، ہم انتخابات ضرور کروائیں گے اور الیکشن کمیشن انتخابات منعقد کرے گا، اس کے نتائج پر کچھ نہیں کہا جا سکتا، سیاسی جماعتوں کو اپنے ووٹرز کو کچھ نہ کچھ تو کہنا ہے۔انوار الحق کاکڑ نے عام انتخابات سے متعلق تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی صورتحال ایسی ہے کہ سب کو معلوم ہے کون کس حلقے سے جیتے گا۔ لسبیلہ میں جام کے مقابلے پر اگر کوئی غیر معروف شخصیت انتخابات میں کامیاب ہو جائے تو یہ بڑی بات ہوگی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بلوچستان عوامی پارٹی (باپ)میں الیکٹیبلز تھے جو اکٹھے ہوئے تھے، صرف نام نیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کا انعقاد ایک نارمل پراسس ہے اور یہ شفاف اور منصفانہ ہوں گے۔ انتخابات کے دوران سکیورٹی بھی انشا اللہ اچھی ہوگی۔ وزیراعظم نے بتایا کہ سوئی گیس میں صرف بلوچستان کو استثنا دیا گیا ہے۔ ہمارے پاس نئے منصوبوں کا مینڈیٹ نہیں۔ سب دن گنتے ہیں کہ کاکڑ کب جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم اور آپ سب کے درمیان احترام کا رشتہ ہے، کسی پر طنز کرنا مناسب بات نہیں۔اس سے قبل وزیر اعظم نے کوئٹہ میں پاکستان ٹیلی ویژن کے پہلے ہزارگی زبان کے پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردوں نے بلوچستان کے ہر طبقے کو نشانہ بنایا، ہم سب نے مل کر دہشت گردوں کا مقابلہ کرنا ہے۔ اس سے پہلے انہوں نے وزیر اعظم یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام اور الیکٹرانک پبلک پروکیورمنٹ پروگرام کا اجرا کیا۔ انوارالحق کاکڑ نے نگران وزیر اعلی بلوچستان اور دیگر کی موجودگی میں پروگرام کا افتتاح کیا، اس موقع پر انہیں بریفنگ بھی دی گئی۔