سلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم آزادجموں کشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیئے اقدامات کررہے ہیں، آزاد کشمیر میں انڈسٹری کو فروغ دینے کے لیے سرمایہ کاروں کو تحفظ دیں گے، جامع پالیسی بنانے کے لیے جلد تاجروں کا اجلاس بلایا جائے گاجس میں آزادکشمیر بھر سے چیمبر آف کامرس کے نمائندگان اور متعلقہ حکام موجود ہونگے، کاروبار دوست پالیسی متعارف کروائیں گے، تاجروں کو بھرپور مراعات دیں گے، تاجروں اور انڈسٹری کی مضبوطی سے خطے میں خوشحالی کا آغاز اور بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے میرپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت صدر میرپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری فیصل منظور نے کی۔ وفد میں سینئر نائب صدر میرپور چیمبر آف کامرس زاہد سبحانی، نائب صدر اظہر منہاس، سابق صدر چوہدری اللہ دتہ، ذوالفقار عباسی، سلیم الدین، اور چوہدری فیاض شامل تھے۔وفد نے وزیراعظم آزادکشمیر کو موبائل میٹر ریڈر زکے الانسز کے مسائل، انڈسٹریل پلاٹ الاٹمنٹ کمیٹی کے اجلاس میں تاخیر، چیمبر بلڈنگ فنڈز، اور ڈرگ لائسنس نیو ایکٹ کے حوالے سے درپیش مسائل اور دیگر مسائل کو آگاہ کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے ترجیحی بنیادوں پر مسائل کے حل کی یقینی دہانی کرائی۔