کوئٹہ(صباح نیوز)کوئٹہ میں غیر ملکی افغان مہاجرین کے حق میں بیان دینے والے اسسٹنٹ سب انسپکٹر سمیت 3 پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا گیا۔پولیس افسر نے ٹک ٹاک پر افغان مہاجرین کو پاکستان سے بے دخل نہ کرنے اور پولیس اہلکاروں کو غیر قانونی مقیم افغان شہریوں سے مناسب برتا رکھنے کی درخواست کی تھی۔ٹک ٹاک پر پولیس افسر نے کہا کہ اگر افغان مہاجرین سے ہمدردی رکھنے پر ہمیں نکالا جاتا ہے تو افغانستان جاکر ڈیوٹی کریں گے۔
ویڈیو وائرل ہونے پر آئی جی بلوچستان پولیس عبدالخالق شیخ نے نوٹس لیا جس کے بعد غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کے واپسی کے عمل پر تنقید کرنے والے اہلکاروں کو معطل کردیا گیا۔معطل اہلکاروں میں اے ایس آئی داد خان سمیت 3 اہلکار شامل ہیں۔آئی جی بلوچستان عبدالخالق شیخ کے مطابق ویڈیو میں نظر آنے والے مزید اہلکاروں کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔آئی جی بلوچستان نے کہا کہ ہر پولیس اہلکار کیلئے سب سے پہلے محب وطنی اور قانون کی بالادستی اولین ترجیح ہونی چاہیے ، افغان مہاجرین کو باعزت طریقے سے ان کے ملک بھیجنے کے عمل کا آغاز کیا جا چکا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ غیر قانونی مقیم غیرملکیوں کو طے شدہ منصوبے کے تحت افغانستان بھیجا جائے گا۔