سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں کرونا وائرس کے نام پر پابندیاں بڑھائی جارہی ہیں ، مقبوضہ کشمیر میں رات کا کرفیو نافذ ہے جبکہ اب شمالی اور جنوبی کشمیر میںصبح 8بجے سے شام 8بجے تک شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ کو روکا جارہا ہے ۔
ایک بیان میں نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے 8بجے شام8بجے تک شہر میں داخلے پر پابندی کے احکامات پر نظرثانی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاہے کہ گذشتہ3برسوں کی غیر یقینیت، بے چینی اور لاک ڈاؤنوں سے یہاں کا ٹرانسپورٹ شعبہ بری طرح سے متاثر ہوا ہے اور ایسے احکامات سے اس طبقہ سے وابستہ افراد کے مشکلات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
ادھر مقبوضہ جموں و کشمیر میں گزشتہ 24گھنٹے کے دوران مہلک کورونا وبا کے 706نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔ ان میں سے 361کیسز وادی کشمیر اور345جموں سے رپورٹ ہوئے ۔مقبوضہ علاقے میں مہلک وائرس میں مبتلا مریضوں کی مجموعی تعداد 3لاکھ 45ہزار 358ہوگئی ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق مقبوضہ علاقے میں گزشتہ 24گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کی وجہ سے چارافرادانتقال کر گئے ہیں جن میں سے تین کا تعلق جموں اور ایک وادی کشمیر سے ہے۔ اب تک کورونا وائرس سے مجموعی طورپر 4ہزار544افرادوفات پا چکے ہیں۔