سری نگر: مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیر اعلی اورجموں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے تنازعہ کشمیر کے حتمی حل اور دفعہ 370اور 35اےکی بحالی کیلئے جدوجہد جاری رکھنے کاعزم ظاہر کیا ہے ۔ محبوبہ مفتی نے سرینگر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ مقبوضہ علاقے کی خصوصی حیثیت کی بحالی اور تنازعہ کشمیر کے پائیدار حل جس کیلئے ہزاروں کشمیریوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی ۔
انہوں نے اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے حالیہ بیان جس میں انہوں نے کہاتھا کہ اترپردیش میں آئندہ اسمبلی انتخابات میں مقابلہ80اور 20فیصد کے درمیان ہیں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ بھارت میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت ہندوئوں اور مسلمانوں میں تقسیم پیدا کر رہی ہے کیونکہ بی جے پی کے پاس مذہب کے نام پر سیاست اور لوگوں کو تقسیم کرنے کے علاوہ کوئی ایجنڈا نہیں ہے ۔انہوںنے کہاکہ بی جے پی انتخابی فائدے کیلئے ہندوئوں اور مسلمانوں کے درمیاں تقسیم پیدا کر رہی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ یوگی آدتیہ ناتھ نے اپنے بیان میں ریاست میں ہندوئوں اور مسلمانوں کی مجموعی آبادی کی طرف واضح طورپراشارہ کیاہے۔ محبوبہ مفتی نے کہاکہ بی جے پی نے مذہب کے نام پر ہندو اور مسلمانوں کو تقسیم کیا اوروہ ملک میں مذہبی بنیادوں پر ہی اپنی سیاست کر رہی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ بھارت میں بی جے پی کے پاس مذہبی سیاست کے علاوہ اورکوئی ایجنڈا نہیں ہے ۔محبوبہ مفتی نے مزید کہا کہ پی ڈی پی پر قابض انتظامیہ کورونا وائرس کے ایس او پیز کی آڑ میں قدغن عائدکررہی ہے جبکہ دیگر سیاسی جماعتوں پر کوئی پابندی نہیں ہے۔