جھوٹے مقدموں سے کشمیریوں کو جدوجہد آزادی سے باز نہیں رکھا جاسکتاہے،سردار عبد القیوم نیازی


مظفرآباد(صباح نیوز)وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے لندن اور سعودی عرب میں مقیم کشمیری رہنماؤں مزمل ایوب ٹھاکر اور ڈاکٹر آصف ڈار کے خلاف سری نگر میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون یواے پی اے کے تحت جھوٹے مقدمات درج کرنے کی قابض بھارتی حکام کی کارروائی کی شدید مذمت کی ہے۔

ایک بیان میں وزیراعظم نے کہاکہ  ہندوستان  اب بیرون ملک مقیم کشمیریوں کے خلاف بھی سرگرم ہوچکا ہے اور بیرون ممالک مقیم کشمیریوں کو تحریک آزادی کی حمایت کرنے سے روکنے کے لیے دھونس دھاندلی کے ذریعے خوف زدہ کرنے کی کوشش کررہاہے۔ ہندوستان اس طرح کے ہتھکنڈوں میں نہ  پہلے کامیاب ہوا ہے اور نہ آئندہ  ہوگا۔ جھوٹے مقدموں سے کشمیریوں کو جدوجہد آزادی سے باز نہیں رکھا جاسکتاہے۔

انہوں نے کہا بیرون ملک مقیم کشمیریوں کو تحریک آزادی کی حمایت تیز تر کرنی چاہیے اور انہیں دنیا کو بھارت کا حقیقی چہرہ دیکھانے کے لیے ہر ممکن اقدام کرنا چاہیے۔

بیرون ملک مقیم کشمیری تحریک آزادی کا اثاثہ ہیں اور ان کے ساتھ آزادکشمیر کی حکومت ہر سطح پر تعاون کرے گی۔

مسلم لیگ(ن ) کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے بھی لندن اور سعودی عرب میں مقیم کشمیری رہنماؤں مزمل ایوب ٹھاکر اور ڈاکٹر آصف ڈار کے خلاف سری نگر میں جھوٹے مقدمات درج کرنے کی قابض بھارتی حکام کی کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے،

اپنے بیان میں انہو ں نے کہاکہ بھارتی حکومت بیرون ممالک میں مقیم کشمیریوں اور پاکستانیوں کے مسئلہ کشمیر کو عالمی فورموں پر اجاگر کرنے کے موثر کردار سے خوفزدہ اور بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور اب وہ بوکھلاہٹ کے عالم میں بیرونی ممالک میں سرگرم کشمیریوں کے خلاف اپنے مذموم ہتھکنڈے استعال کررہی ہیں،

احسن اقبال نے کہاکہ کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور جھوٹے مقدمات یا دیگر ہتھکنڈوں سے انہیں نہ ہی ڈرایا دھمکایاجاسکتا ہے نہ ہی تحریک آزادی کی اپنی جدوجہد سے دور رکھا جاسکتا ہے،انہو ں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مودی حکومت کے ان ظالمانہ ہتھکنڈوں کا نوٹس لے کر کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔۔

یاد رہے دوروز قبل لندن میں مقیم  ورلڈ کشمیر فریڈم موومنٹ  کے صدرمزمل ایوب ٹھاکر کے خلاف سرینگر میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون یو اے پی اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

مزمل ٹھاکر پر الزام لگایاگیا ہے کہ وہ اپنے سوشل میڈیا اکاونٹ اور دیگر پلیٹ فارمز کے ذریعے ایسی سرگرمیوں میں ملوث  ہیں جو بھارت کی خودمختاری، سالمیت اور اتحاد کے لیے نقصان دہ ہیں۔ مزمل ایوب ٹھاکر برطانیہ سمیت دنیا بھرمیں تحریک آزادی کشمیر کی حمایت میں مختلف تقاریب میں کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو اجاگر کررہے ہیں۔ اس سے پہلے سعودی عرب میں مقیم کشمیری کارکن اور تحزیہ کار ڈاکٹر آصف ڈار کے خلاف بھی کئی مقدمات درج کئے گئے ہیں ۔

ڈاکٹر آصف حق خودارادیت کے حصول کے لئے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے زبردست حامی ہیں اور مقبوضہ جموں وکشمیر میں قابض بھارتی فورسز کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بے نقاب کررہے ہیں۔