چیئرمین ایف بی آر کی ای کچہری

اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرمین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانہ نے ایف بی آر ہیڈکوارٹرز میں ٹیکس دہندگان کو ٹیکس کمپلائنس میں سہولت فراہم کرنے اور ٹیکس سے متعلق ان کے خدشات کو دور کرنے کے لئے ای کچہری منعقد کی۔اس موقع پر انہوں نے ٹیکس دہندگان سے براہ راست ٹیلی فون کالز وصول کیں اور ان کے مسائل سنے۔

چیئرمین ایف بی آر نے ٹیکس دہندگان کے مسائل جلد از جلد حل کرنے کے لئے متعلقہ دفاتر کو موقع پر ہی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے ٹیکس دہندگان کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے قریبی علاقائی ٹیکس دفتر اور کلکٹریٹ آف کسٹمز کا دورہ کریں تا کہ ٹیکس ریٹرن فائل کرنے سے متعلق ان کے خدشات کو جلد دور کیا جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں ٹیکس دہندگان کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لئے فیلڈ فارمیشنز کو پہلے ہی ہدایات دے دی گئی ہیں۔چیئرمین ایف بی آر نے ٹیکس دہندگان کی جانب سے دی گئی تجاویز کو بھی سراہا اور انہیں یقین دلایا کہ ٹیکس پالیسیوں کی تشکیل اور ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لئے اٹھائے جانے والے  اقدامات کے دوران ان کی قابل قدر تجاویز پر غور کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر ملک بھر میں ٹیکس دہندگان کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن کوششیں کررہا ہے۔ای کچہری نہ صرف ٹیکس دہندگان کو ان کی شکایات کے فوری ازالہ کے لئے ایک پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے بلکہ ٹیکس کمپلائنس اور آوٹ ریچ کو بھی فروغ دیتا ہے۔ اس سے فیلڈ فارمیشنز کی کارکردگی پر نظر رکھنے میں بھی مدد ملتی ہے۔