پی ڈی ایم حکومت نے جی ایم او سویابین پر پابندی لگا کر پاکستانی عوام اور پولٹری انڈسٹری کے ساتھ دشمنی کی، میاں محمد اسلم

اسلام آباد   (صباح نیوز )    نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی گورنمنٹ نے جی ایم او سویابین پر پابندی لگا کر پاکستانی عوام اور پولٹری انڈسٹری کے ساتھ دشمنی کی ہے ، ہمارانگران حکمرانوں سے مطالبہ ہے کہ وہ جی ایم او سویابین کی درآمد پر سے پابندی ختم کر یں تاکہ ملک میں مرغی اور انڈے کی قیمتوں میں کمی ہو سکے ، ،انھوں نے کہا سابقہ حکمران اتحاد کی غلط پالیسیوں اور نامکمل معلومات کے باعث سویا بین کی درآمد پر پابندی لگا دی گئی جس کے باعث پولٹری فیڈ بھی مہنگی ہو گئی ،اورمرغی اور انڈا غریب آدمی کی پہنچ سے دور ہو گیا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے انڈوں کے عالمی دن کے حوالے سے مختلف یونیورسٹیوں میں منعقدہ تقریبات سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ۔میاں محمد اسلم نے کہاا انڈا ایک مکمل خوارک ہے جو ہر گھر اور ہر شخص کی ضرورت ہے اور بہترین صحت کے لیے انڈے کو اپنی خورک میں ضرور شامل رکھنا چاہیے ، حکومتوں کی غلط پالیسیوں کے باعث پاکستان کی پولٹری انڈسٹری مشکلات کا شکار ہے ، مرغی اور انڈے مہنگے ہو نے کی وجہ سے غر یب آدمی کی قیمت خرید ختم ہو چکی ہے، جس سے پولٹری انڈسٹری کو نقصان ہو رہا ہے ، انھوں نے کہا حکومت کے تمام ادارے ملک پر بوجھ بن چکے ہیں ایسے میں اگر ملکی معیشت کو سنبھالہ دینے والی صنعتوں کو بھی غلط فیصلوں کی نذر کیا جا ئے گا تو ملکی صنعت وتجارت کیسے چلے گی۔