پی آئی اے اور خسارے کے شکار دیگر سرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل کو مزید تیز کیا جائے،نگران وزیراعظم

اسلام آباد(صباح نیوز)نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑنے کہاہے کہ پی آئی اے اور خسارے کے شکار دیگر سرکاری ملکیتی اداروں کی نجکاری کے عمل کو مزید تیز کیا جائے۔ملک معاشی مشکلات کا شکار ہے اور قومی اداروں کا خسارہ ان مشکلات میں اضافہ کا باعث بن رہا ہے ،خسارے کے ذمہ داروں کا تعین کرنا بہت ضروری ہے تاکہ اس کے تدارک کے لیے اقدامات اٹھائے جا سکیں،نجکاری کے عمل کی شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرِ صدارت پی آئی اے کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں نگران وفاقی وزیر نجکاری فواد حسن فواد، مشیرِ وزیرِ اعظم احد خان چیمہ متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔اجلاس کو پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی مالی صورتحال اور نجکاری کے عمل کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پی آئی اے کی نجکاری میں حائل تمام رکاوٹوں کو ہٹا دیا گیا ہے۔وزیرِ اعظم نے پی آئی اے کے معاملات پر فیصلہ سازی میں تاخیر پر تشویش کا اظہارکیاہے۔وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ قومی ایئر لائن کی نجکاری کے عمل کو شفاف اور تیز تر کیا جائے تاکہ ملکی خزانے کو مزید نقصان سے بچایاجا سکے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک معاشی مشکلات کا شکار ہے اور قومی اداروں کا خسارہ ان مشکلات میں اضافہ کا باعث بن رہا ہے،عوام کے ٹیکسوں سے ان اداروں کا خسارہ پورا کرنا مزید ممکن نہیں،پی آئی اے اور خسارے کے شکار دیگر سرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل کو مزید تیز کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہوابازی شعبے کی اصلاحات سے عوام کو بہترین سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔خسارے کے ذمہ داروں کا تعین کرنا بہت ضروری ہے تاکہ اس کے تدارک کے لیے اقدامات اٹھائے جا سکیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ نجکاری کے عمل کی شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔۔