پاکستان اور ناروے کے درمیان اسلام آباد میں دوطرفہ سیاسی مشاورت کا 12واں دور

اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان اور ناروے کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا 12واں دور بدھ کو اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری (یورپ) محمد سلیم نے کی جبکہ ناروے کے وفد کی قیادت وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل شعبہ علاقائی امور ویبجورن ڈیسوِک نے کی۔

دونوں اطراف نے 2021 میں منعقدہ آخری دوطرفہ سیاسی مشاورت کے بعد ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا اور سرمایہ کاری، جہاز رانی، موسمیاتی تبدیلی، قابل تجدید توانائی اور اعلی تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ناروے پاکستان کا ایک اہم سرمایہ کاری پارٹنر ہے۔ناروے کے وفد کو حکومت پاکستان کی طرف سے حال ہی میں قائم کردہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی اور اسے کونسل سے پیدا ہونے والے سرمایہ کاری کے امکانات تلاش کرنے کی دعوت دی گئی۔۔