اسلام آباد(صباح نیوز)نگراں وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات ڈاکٹرشمشاداخترنے کہاہے کہ بین الاقوامی چیلنجوں کے تناظرمیں پاکستان نے اقتصادی ترقی اورنموکیلئے اقدامات کاسلسلہ شروع کیاہے۔انہوں نے پاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنرجین میریٹ اور آکسفورڈ یونیورسٹی کے اقتصادی پالیسی کے پروفیسر اوربرطانوی ترقیاتی ادارہ ڈی ایف آئی ڈی کے سابق سربراہ سٹیفن ڈیرکون سے ملاقات میں گفتگوکرتے ہوئے کہی۔
وزیرخزانہ نے برطانوی وفد کو عالمی چیلنجوں کے تناظرمیں اقتصادی ترقی اور نمو کیلئے حکومت پاکستان کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ کہ حکومت نے پائیداراقتصادی ترقی اورنموپراپنی توجہ مرکوزکررکھی ہے۔ پروفیسر سٹیفن ڈیرکون نے پاکستان کی اقتصادی ترقی کیلئے معاونت کی فراہمی کے عزم کااعادہ کیااورمعاشی استحکام کیلئے حکومت کے اصلاحات کے ایجنڈہ کی تعریف کی۔
برطانوی ہائی کمشنرجین میریٹ نے پاکستان اوربرطانیہ کے درمیان دیرینہ تعلقات کوسراہا اوردونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون اورسرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے کا عزم ظاہرکیا۔وزیرخزانہ نے برطانیہ اورعالمی بینک کی جانب سے پاکستان کے ساتھ تعاون کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات کوفروغ دینے کی خواہش ظاہرکی۔فریقین نے پاکستان کودرپیش اقتصادی چیلنجوں سے نمٹنے اور پائیدار اقتصادی نموکے حصول میں تعاون پراتفاق ظاہر کیا