اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے زیر اہتمام ینگ صفہ کیمپ کا انعقاد

لاہور(صباح نیوز)اسلامی جمعیت طلبہ پاکستا ن کے زیرِ اہتمام 20 دنوں کے لیے ینگ صفہ کیمپ کا انعقاد لاہور منصورہ میں کیا گیا ،جس کا مقصد ملک کے مختلف کونوں سے آئے ہوئے منتخب رفقا وا امید وران جمعیت کو مکمل تربیت فراہم کرنا ہے جس کا جدید طریقوں سے استفادہ کیا جا رہا ہے۔

اس کیمپ میں مختلف ان ڈور اور آوٹ ڈور سیشنز شامل ہیں، جن میں قومی اور بین الاقوامی سپیکرز کی شرکت ہو رہی ہے ۔اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم اعلی نے کیمپ میں خصوصی شرکت کی اور شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طویل المیعاد منصوبہ بندی کے سلسلے کی ایک کڑی الصفہ کیمپ برائے نوجوانان (Young Suffah Camp ) ہے ملک بھر سے چالیس کے قریب امیدواران رکنیت و رفقا جمعیت کو ایک خاص طریقہ کار کے تحت منتخب کر کے اس کیمپ میں شریک کرایا جا رہا ہے  یہ کیمپ اول مرحلہ ہے جو ان شرکا کی تعلیم اور تنظیم کے مختلف مدارج کے ساتھ ساتھ تبدیل ہو کر جاری و ساری رہے گا ان شا اللہ تحریک کا تابناک مستقبل  ایسی  قیادت سے جڑا ہے کہ جو صالحیت و صلاحیت کی بنیاد پر عصر حاضر کے ذہن کو اپنے علم و عمل کی بنیاد پر مطمئن کر کے تبدیل کر سکیں اور معاشرے میں اسلام کو بطور نظام زندگی پیش کر سکیں۔۔