لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ مغربی اداروں سے پڑھے ہوئے ملک پر مسلط اشرافیہ حقیقت میں پاکستان کے مسائل کی وجہ ہے۔ ذہنی طور پر غلام حکمران طبقہ کبھی بھی ملک کی بھنور میں پھنسی کشتی کو پار نہیں لگا سکتا۔ مروجہ سیاسی جماعتیں امریکی اور استعماری ایجنڈے پر کام کرتی ہیں۔ پاکستان کو آگے بڑھانے کے لیے آزادفکر اور اسلام پسند لوگوں کی ضرورت ہے۔ جماعت اسلامی یہ خلا پُر کرنے کے لیے تیار ہے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں نافع کے زیر اساتذہ کی تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔راشد نسیم نے کہا کہ اگر دیکھا جائے تو پاکستان کے سبھی وزرائے خزانہ باہر سے پڑھ کر آئے، مگر ان لوگوںنے معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا اور ملک کے بچے بچے کو مقروض بنا دیا۔ کوٹ پتلون پہنے ہوئے اور انگریزی بولنے والے ہمارے حکمران دراصل امریکا اور مغربی طاقتوں کے ذہنی غلام ہیں۔ ان کے ہوتے ہوئے عوام کے مسائل کا حل ممکن نہیں۔
انھوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں قومی زبان اپنی اہمیت کھو چکی ہے اور انگریزی کو فروغ دیا جا رہا ہے جب کہ حقیقت یہ ہے کہ چین، جاپان، جرمن اور دیگر ممالک کی عوام نے اپنی قومی زبانوں میں علم حاصل کر کے ترقی کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں اپنے بچوں کو فکری اور ذہنی طور پر مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔