اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم کے مشیر برائے ریفارمز اینڈ ریسورس موبائلائزیشن کمیشن اشفاق یوسف تولہ نے کہا ہے کہ اگر معاشی طاقت بننا ہے تو ہمیں خود احتسابی کا نظام لانا ہو گا، ملک کو معاشی طاقت بنانے کیلئے درست معاشی پالیسیاں اپنانا ہوں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ پوسٹ بجٹ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس میں آ کر خوشی محسوس کر رہا ہوں، میں تاجروں کا نمائندہ ہوں اور تاجروں کے مسائل حل کرنے کیلئے بھرپور کردار ادا کروں گا۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی جو بھی سفارشات ہیں ایف بی آر کو بھجیں ہم ان پر سوچ و بچار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں معاشی طاقت بننا ہے تو ہمیں خود احتسابی کا نظام لانا ہو گا، ملک کو معاشی طاقت بنانے کیلئے درست معاشی پالیسیاں اپنانا ہوں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار جب لندن سے واپس آئے تو چار روز میں ڈالر 238 سے 212 روپے پر آ گیا، ڈالر ذخیرہ کرنے والوں کو لگا کہ یہ اصل قیمت پر آ جائے گا اس لئے انہوں نے اس کو بیچنا شروع کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ 27 ہزار لوگ 90 فیصدکا ٹیکس دے رہے ہیں، پاکستان میں لوگ ٹیکس ریٹرن ہی فائل نہیں کرتے، اس لئے ہمیں اس ٹیکس نیٹ کو بڑھانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک فیصد پالیسی ریٹ بڑھنے سے حکومت کو 400 ارب سے زائد ادا کرنے پڑے ہیں، اس پالیسی ریٹ پر معیشت اور ملک زیادہ عرصہ کیلئے کیسے چلایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک دیوالیہ ہونے کی خبریں سراسر بے بنیاد ہیں تاہم یہ وقت مشکل ضرور ہے لیکن جلد ان مشکل حالات سے باہر نکل آئیں گے۔ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے چیمبر آف کامرس کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے پاکستانی معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس دہندہ پر ایک حد تک ٹیکس عائد کیا جا سکتا ہے، ہمیں ٹیکس نہ دینے کے کلچر کا سدباب کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر کے تمام 8 ہزار سے زائد ممبران ٹیکس دہندہ ہیں، حکومت کو اس ٹیکس نیٹ میں اضافہ اور مراعات دینے کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں۔ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے صدر مرکزی انجمن تاجران اجمل بلوچ نے کہا کہ جن تاجروں کی میں نمائندگی کرتا ہوں ان میں سے زیادہ تر زیادہ پڑھے لکھے نہیں ہیں اس لئے میری حکومت سے اپیل ہے کہ چھوٹے تاجروں کیلئے ٹیکس نظام کو آسان بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اشفاق تولہ نے ٹیکس نیٹ میں اضافہ کیلئے شاندار سکیم متعارف کرائی تھی تاہم بدقسمتی سے اس سکیم پر درست طریقہ سے عملدرآمد نہیں ہو سکا، میں حکومت سے اپیل کرتا ہوں کہ دوبارہ اس طرح کی سکیم متعارف کرائی جائیں۔۔