وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر کی برسلز میں یورپی یونین کے دو کمشنرزسے تفصیلی ملاقاتیں

برسلز(صباح نیوز)وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے بیلجیم کے جاری دورے کے دوران برسلز میں یورپی یونین کے دو کمشنروں سے تفصیلی ملاقاتیں کیں۔

 دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر مملکت کی یورپی کمشنر برائے کرائسز مینجمنٹ جینز لینارک سے ملاقات کے دوران پاکستان میں یورپی یونین کی سیلاب سے متعلق امدادی سرگرمیوں پر بات چیت ہوئی۔وزیر مملکت نے بات چیت کے دوران سیلاب کے بعد یورپی شہری تحفظ کے طریقہ کار کو فعال کرنے پر یورپی یونین کا شکریہ ادا کیا جس نے بحالی کے مرحلے کے دوران یورپی یونین کی جانب سے فوری مدد کو ممکن بنایا۔ فریقین نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور صلاحیت میں تعاون کے لیے مزید راستے تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔

حنا ربانی کھر نے یورپی کمشنر برائے داخلہ امور یلوا جوہانسن کے ساتھ ملاقات میں حال ہی میں شروع کیے گئے مائیگریشن اینڈ موبلٹی ڈائیلاگ کے بہترین استعمال پر تبادلہ خیال کیا جس میں ہنر مند مزدوروں کی قانونی نقل مکانی کے مواقع بھی شامل ہیں۔پاکستان۔ یورپی یونین ری ایڈمیشن معاہدے پر عمل درآمد میں تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ یورپی یونین کمیشن میں اپنی بات چیت میں وزیر مملکت نے اس امید کا اظہار کیا کہ یورپی یونین ابھرتے ہوئے عالمی چیلنجز اور غیر روایتی سلامتی کے خطرات بشمول موسمیاتی تبدیلی، وبائی امراض، پانی، توانائی اور غذائی تحفظ سے نمٹنے میں قائدانہ کردار ادا کرے گی۔انہوں نے پائیداری، گرین اکانومکس، زراعت اور ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی پر خصوصی توجہ اور تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

جی ایس پی پلس سکیم کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں پاکستان اور یورپی یونین کی تجارت میں اضافہ ہوا ہے جس نے پاکستان میں ترقی اور غربت کے خاتمے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے اور یہ دونوں فریقوں کے لیے کامیابی ہے۔بیان کے مطابق پاکستان اور یورپی یونین کے مذاکراتی عمل سٹریٹجک انگیجمنٹ پلان کا حصہ ہے جو امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے طویل المدتی مستقبل کے حوالے سے اور وسیع البنیاد شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے دونوں فریقوں کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔۔