ڈیرہ اسماعیل خان(صباح نیوز)وزیر مملکت برائے تخفیف غربت وسماجی تحفظ فیصل کریم کنڈی نے مفتی محمود ہسپتال میں برن اینڈپلاسٹک سرجری یونٹ کا افتتاح کردیا، اس موقع پر سابق ایم پی اے احمد کریم کنڈی، ڈین گومل میڈیکل کالج ڈاکٹر نسیم صبا محسود، ڈائریکٹر مفتی محمود ہسپتال ڈاکٹر عمر شاہ استرانہ، ڈائریکٹر میڈیکل ڈاکٹر محمد وسیم ، معروف سماجی شاکر خان کنڈی، ڈائریکٹر ہاسپٹل ڈاکٹر فرخ جمیل ، ضلعی صدر پی پی پی ملک فرحان افضل دھپ اور دیگر ماہرین معززین علاقہ بھی انکے ہمراہ تھے۔
افتتاحی تقریب کے حوالے سے گومل میڈیکل کالج میں منعقدہ سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ میری یہ خواہش ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے ہسپتالوں میں اتنی سہولیات فراہم کردیں کہ یہاں سے کسی مریض کو اسلام آباد، ملتان یا لاہور ریفر نہ کیا جائے ڈیرہ اسماعیل خان میں ڈاکٹرز کی مہارت کسی شک و شبہ سے بالاتر ہے مگر سہولیات کا فقدان ان مایہ ناز ڈاکٹروں کی مہارت کی راہ میں رکاوٹ ہیں انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں برن اینڈپلاسٹک سرجری یونٹ مفتی محمود ہسپتال کے ڈاکٹروں نے اپنی مدد آپ کے تحت قائم کیا اب اس یونٹ کے لیئے اسی لاکھ کے آلات کی فراہمی پر میں اپنی ۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے باسیوں کی جانب سے ہدایت اللہ خان کنڈی کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اسی لاکھ روپے کی لاگت کے آلات فراہم کیئے اور یہ یونٹ متحرک ہوا۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے جہاں تک ممکن ہوگا ہم سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بجٹ میں ایک ارب روپے پاکستان بیت المال کے زیر اہتمام ہیلتھ سیکٹر کے لیئے مختص کیئے گئے ہیں اسی طرح پاکستان میں پیدائشی قوت سماعت سے محروم بچوں کو پانچ سال تک علاج کے زریعے قابل سماعت بنانے کے اخراجات بھی بیت المال کو صحت کی مد میں فراہم کیئے گئے بجٹ میں ترجیحی بنیاد پر رکھا گیا ہے ۔ برن یونٹ کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر توصیف الحسن نے کہا ہے کہ گزشتہ چار ماہ میں دوسو چودہ جلنے کے مریض ہمارے پاس آئے آج فراہم کی جانے والی سہولیات سے جلنے والے مریضوں کی بڑی تعداد کا علاج یہاں ممکن ہوگا تاہم ہمیں مزید مشینری بھی درکار ہوگی
گومل میڈیکل کالج کی ڈین ڈاکٹر نسیم صبا محسود نے کہا کہ کنڈی خاندان کی طرف سے برن یونٹ کے لیئے آلات کی فراہمی لائق تحسین ہے تاہم ڈیرہ اسماعیل خان کو باقائدہ حکومت کی جانب سے برن یونٹ کی ضرورت ہے تقریب کے اختتام پر مہمانوں اور برن یونٹ کے لئے کام کرنے والوں میں شیلڈز اور اسناد تقسیم کی گئیں۔