بغداد(صباح نیوز)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے عراق کے 3 روزہ سرکاری دورہ کے موقع پر پاکستان اور عراق کے درمیان مفاہمت کی دو یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ جبکہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی عراقی صدر سے ملاقات میں باہمی تعاون کے تمام شعبوں میں مل کر کام کرنے پر اتفاق ہوا ،پیر کو دفتر خارجہ کے مطابق دونوں ملکوں نے ثقافتی تعاون کو بڑھانے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ۔ اس کے علاوہ سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ پر ویزے کے خاتمہ کے لئے بھی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
قبل ازیں عراقی وزیر خارجہ ڈاکٹر فواد حسین کے ساتھ ملاقات کے دوران وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان اور عراق کے درمیان گہرے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات استوارہیں۔وفود کی سطح پر بات چیت کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے تعاون کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ دونوں وزراخارجہ کے درمیان ملاقات میں پاکستان اور عراق کے درمیان سفارتی تعلقات سمیت تعاون کی مختلف جہتوں پر تبادلہ خیال کیا گیا،
بعد میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے عراقی صدر ڈاکٹر عبداللطیف رشید سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ کی عراقی صدر ڈاکٹر عبداللطیف رشید سے یہ ملاقات بغداد میں ہوئی۔ملاقات میں پاکستان اور عراق کے درمیان موجودہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور عراقی صدر نے باہمی تعاون کے تمام شعبوں میں مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان اور عراق کے درمیان احترام اور روایات پر مبنی گہرے برادرانہ قریبی تعلقات ہیں۔۔