حفاظتی ٹیکوں کے فروغ میں میڈیکل فیکلٹی کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے: ماہرین صحت

راولپنڈی(صباح نیوز) صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ ڈاکٹر جمال نصیر نے کہا ہے کہ میڈیکل فیکلٹی اور کالجز بچوں کے حفاظتی ٹیکوں کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ صوبائی وزیر برائے صحت راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی میں توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات اور یونیسیف کے باہمی تعاون سے منعقد ہونے والے آگاہی سیمینار برائے امیونائزیشن سے خطاب کر رہے تھے۔

سیمینار کے مقررین میں ڈائریکٹر ای پی آئی پنجاب ڈاکٹر مختار احمد، وایس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر محمد عمر، یونیسیف کے ہیلتھ سپیشلسٹ ڈاکٹر طاہر منظور، امیونائزیشن۔آفیسر یونیسیف ڈاکٹر قرا العین احمد، ڈبلیو ایچ او کے ڈویژنل آفیسر ڈاکٹر آصف شہزاد اور ڈین پبلک ہیلتھ ڈاکٹر ارشد علی صابر شامل تھے۔ امیونائزیشن کے حوالے سے منعقدہ سیمینار میں راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کی فیکلٹی کے ہمراہ طلبا وطالبات کی۔ایک۔بڑی تعداد نے شرکت کی۔ قبل ازیں ڈائریکٹر ای پی آئی پنجاب ڈاکٹر مختار احمد نے سیمینار کے شرکا کو پنجاب میں حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام کے حوالے سے آگاہ کیا۔

انھوں نے میڈیکل طلبا کو پبلک ہیلتھ اور اس شعبے کی جانب سے دی جانیوالی خدمات کے حوالے سے معلومات فراہم کیں۔ راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد عمر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پبلک ہیلتھ کا شعبہ نہایت اہمیت کا حامل ہے اور نوجوان ڈاکٹرز کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں۔ وائس چانسلر نے صوبائی وزیر صحت اور دیگر شرکا کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر یونیسیف کی امیونائزیشن آفیسر ڈاکٹر قرا العین احمد نے یونیسیف اور پارٹنر اداروں کی جانب سے ای پی آئی پروگرام کو فراہم کی جانیوالی۔سپورٹ سے متعلق آگاہی فراہم کی۔ سیمینار کے دوران نظامت کے فرائض اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عفیفہ نے سر انجام دیئے