اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان متحدہ عرب امارت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کو وسعت دینے کا خواہاں ہے، متحدہ عرب امارا ت کے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے متحدہ عرب امارات کے شاہی خاندان کے رکن اور ابوظہبی پورٹس کے چیئرمین شیخ احمد دلموک المکتوم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے وفد کے ہمراہ ان سے ملاقات کی۔پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ مختلف شعبوں بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری میں برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔
وزیراعظم نے ابوظہبی پورٹس کا پاکستان کی بندرگاہوں اور شپنگ کی صنعت میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا خیرمقدم کیا۔شیخ احمد دلموک المکتوم نے کہا کہ پاکستان میں متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کاری کو وسعت دینے کے مقصد سے ان کا دو ماہ کی قلیل مدت میں پاکستان کا یہ دوسرا دورہ ہے۔ وزیراعظم نے یقین دلایا کہ متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن حکومتی تعاون فراہم کیا جائے گا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر برائے بحری امور سید فیصل علی سبزواری، معاونین خصوسی ڈاکٹر جہانزیب خان، طارق فاطمی اور متعلقہ اعلی حکام بھی موجود تھے۔ پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی بھی ملاقات میں موجود تھے۔۔