وائس چانسلر ریٹائرڈ ملازمین کو آٹھ ماہ کی پنشن کی ادائیگی کو یقینی بنائیں،گومل یونیورسٹی پنشنرز ویلفیئر ایسوسی ایشن

ڈیرہ اسماعیل خان (صباح نیوز) گومل یونیورسٹی پنشنرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے وائس چانسلر گومل یونیورسٹی سے یونیورسٹی کے سبکدوش ملازمین کو گزشتہ آٹھ ماہ کی پنشن کی ادائیگی کا مطالبہ کر دیا۔

ایسوسی ایشن کے صدر جہانگیر خان، جنرل سیکرٹری لیاقت خان خٹک اور عنایت اللہ جان نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ وائس چانسلر گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان یونیورسٹی کے سبکدوش ملازمین کو آٹھ ماہ کی پنشن کی ادائیگی کو یقینی بنائیں۔ ریٹائرڈ ملازمین کی معاشی بدحالی کی وجہ سے انتہائی خراب حالت ہے۔ ان میں بیمار بھی ہیں، عمررسیدہ بھی ہیں اور خاندانوں کی کفالت کا بوجھ بھی ہے۔ مہنگائی کے اس دور میں غریب پنشنرز کا جینا پہلے ہی دوبھر ہو چکا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ وائس چانسلر پنشن کے حوالے سے اپنے وعدوں کی پاسداری کریں۔ پنشنرز کے گھروں میں فاقہ کشی کی نوبت آ سکتی ہے۔ پنشن کی جلد ادائیگی کو ممکن بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پنشن کا حق نہ دیا گیا تو غریب پنشنرز سڑکوں پر آ کر احتجاج پر مجبور ہو جائیں گے۔ گومل یونیورسٹی پنشنرز ویلفیئر ایسوسی ایشن نے نگران حکومت صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے بھی اس مسئلہ کے حل کے لئے مداخلت اور اس ضمن میں وائس چانسلر کو ہدایت جاری کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے تاکہ ریگولر ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کی طرح پنشنرز کو بھی ان کا حق مل سکے۔