30 جون 2023 تک اسلام آباد میں کوئی بچہ سکول سے باہر نہیں رہے گا


اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت  حکومت پاکستان نے سکولز سے باہر بچوں کے داخلے کی مہم کا آغاز کر دیا ہے  جس میں یہ تہیہ کیا گیا ہے کہ 30 جون 2023 تک اسلام آباد میں کوئی بچہ سکول سے باہر نہیں رہے گا ۔

اس مہم میں فیڈرل ڈائریکٹوریٹ  آف  ایجوکیشن  ، نیشنل کمیشن برائے ہیومن ڈیویلپمنٹ ، ڈائریکٹوریٹ    جنرل آف بیسک ایجوکیشن  کمیونٹی سکولز  ، نیشنل ایجوکیشن فاونڈیشن ، پرائیویٹ  سکولز  ریگولیٹری اتھارٹی  ،  مختلف  این جی اوز  اور  سوژل ورکرز  نے بھرپور حصہ لیا ۔ اس ضمن میں  مختلف  مقامات پر میٹنگز اور کیمپ آفس لگائے گے ۔ ان ایریاز میں روزانہ کی بنیاد پر شیڈول کے مطابق کمیونٹی میں میٹنگز کا انعقاد کیا گیا ۔  مورخہ   8 مئی بروز پیر کو سوہان اور شریف آباد یونین کونسل میں جبکہ منگل اور بدھ کو کھنہ ڈاک  گولڑہ ، جمعرات اور جمعہ کو شاہ اللہ دتا  اور پنڈوریاں میں بھرپور طریقے سے مہم چلائی گئی۔

اس سلسلے میں بیسک ایجوکیشن کمیونٹی سکولز نے اپنی ٹیمیں   تشکیل  دیں اور ہر ایریا میں کمیونٹی کے لوگوں  کے ساتھ مل کر ڈور ٹو  ڈور   (ہر دروازے تک) کمپین کی  ، جس میں 5 سے 15 سال کے بچوں کی نشاندہی کی گئی جو کسی بھی وجہ سے سکول جانے سے قاصر ہیں یا ان کی تعلیم تعطل کا شکار ہے  انھیں مفت کتابیں ، داخلہ،اور بستے  فراہم کر کے واپس  تعلیم کے راستے پر گامزن کیا جا رہا ہے اس سروے کے دوران مختلف مساجد اور دیگر جگہوں پر  کمیونٹی کی مدد سے لوگوں کو اکٹھا کیا گیا  اوربچو ں  کے ڈیٹا کو  ترتیب دیاگیا تاکہ  تعلیم کے حصول کے لئے جامع پالیسی مرتب کر کے جلد از جلد سکولز میں داخلہ ممکن بنایا جائے

  اس ضمن میں جہاں ممکن ہوا وہاں بیسک ایجوکیشن کے سکولز میں فل فور داخلے کروائے گئے ۔ کمیونٹی کے لوگوں نے وزارت کی اس مہم کو خوش آئند قرار دیا اور حکومت کے اس اقدام کی تعریف کی  اور   اہل علاقہ نے ایسے مثبت اقدامات اٹھانے کے لئے حکومت اور انتظامیہ کا شکریہ  بھی ادا کیا ۔