الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے ماہ رمضان میں بھی سیلاب متاثرہ علاقوں میں ہزاروں افراد کو طبی امداد کی فراہمی جاری

لاہور (صباح نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے ماہ رمضان کے دوران بھی سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ہزاروں افراد کو طبی امداد کی فراہمی جاری ہے۔

اس حوالے سے الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے بتایا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں  محفوظ ماں، محفوظ خاندان پراجیکٹ کے تحت اب تک 28 ہزار سے زائد حاملہ خواتین کو رجسٹر کیا جا چکا ہے جبکہ 1600 سے زائد نارمل ڈیلیوریز ہوچکی ہیں۔ الخدمت کے میڈیکل کیمپس اور فیلڈ ہسپتالوں کے ذریعے اب تک قریبا ساڑھے نو لاکھ مریض مستفید ہوچکے جبکہ موبائل ہیلتھ یونٹس کے ذریعے ایک لاکھ 38 ہزار سے زائد سیلاب متاثرین کوعلاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے لیے 10 ارب کے ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کے  بعد 5 ارب روپے سے بحالی و تعمیر نو  کا کام جاری ہے۔ جس میں  ہزاروں مکانات کی تعمیر  و مرمت، اور6 سو سکولوں، مدارس اور مساجد کی  تعمیر و مرمت کا عمل، 4 سے 12سال تک کے ہزاروں یتیم بچوں کی مستقل کفالت کا بندوبست اور پینے کی صاف پانی کی فراہمی شامل ہے۔جبکہ چھوٹے کسانوں کو گندم کی بوائی کے لیے بیج، کھادیں اور زرعی ادویات  بھی فراہم کی گئی ہیں۔  جو اُن کسانوں کی مدد کے ساتھ ساتھ ملکی سطح پر غذائی پیداوار کو بڑھانے کی کوشش بھی ہے۔