لاہور( صباح نیوز)سعودی حکمران سیاسی اورمعاشی مفادات کے لیے مقدس سرزمین پر خلافِ شریعت سرگرمیوں سے باز رہیں۔ یہ بات تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے ایک بیان میں کہی۔ اُنھوں نے کہا کہ یہ صورتِ حال انتہائی تکلیف دہ اور اذیت ناک ہے کہ کچھ عرصہ سے عرب کی وہ سرزمین جہاں اللہ کا گھر اورمدینہ النبی ہے، وہاں سے سعودی حکمران خلاف شریعت صدائیں بلند کر رہے ہیں۔
اُنھوں نے کہا کہ ایسے میوزک فیسٹول منعقد کیے جا رہے ہیں جن میں مغربی تہذیب کی نقالی کرتے ہوئے شرم و حیا کا جنازہ نکال دیا جاتا ہے۔ علاوہ ازیں ایسے شہر آباد کیے جا رہے ہیں جہاں لوگ ہر حوالے سے مادر پدر آزادی کا مظاہرہ کریں گے۔ اُنھوں نے کہا کہ عرب حکمران اگر یہ سمجھتے ہیں کہ مغربی تہذیب کو اپنا کر وہ یہود ونصاریٰ کو خوش کر لیں گے اور اِس طرح وہ اپنے اقتدار اور ملک کی سلامتی محفوظ رکھ سکیں گے تو یہ اُن کی بہت بڑی بھول ہو گی۔ عربوں کو یہ بات اچھی طرح سمجھ لینی چاہیے کہ مغرب کے آقا اسرائیل کا اصل ہدف گریٹر اسرائیل کا قیام ہے اور وہ اپنا یہ ہدف حاصل کرنے کے لیے عربوں کے وسیع علاقہ پر قبضہ کرنے سے کبھی گریز نہیں کرے گا۔ اُنھوں نے عربوں کو متنبہ کیا کہ وہ غیر اسلامی سرگرمیوں سے اپنے ہاتھوں اپنی ہلاکت کا گڑھا کھودنے سے باز رہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ امت ِ مسلمہ کا تحفظ اور اس کی بقاء طاغوتی قوتوں کو خوش کرنے سے نہیں بلکہ دین اسلام پرعمل پیرا ہو کر اور اللہ کو راضی کرنے سے ہوگی۔