گوجرانوالہ(صباح نیوز)سری لنکن شہری پریانتھا کمارا قتل کیس میں مزید 33 ملزمان کو اے ٹی سی عدالت میں پیش کر دیا گیا،عدالت نے ملزمان کو 17روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
پریانتھا قتل کیس میں 33ملزمان کو سیالکوٹ سے گوجرانوالہ لایا گیا، پولیس نے ملزمان کو انسداددہشت گردی عدالت میں پیش کیا اور ملزمان کے 20 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
عدالت نے ملزمان کا 17روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا اور ملزمان کو 3 جنوری کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائیگا۔پریانتھا قتل کیس میں 52 ملزمان پہلے ہی جسمانی ریمانڈ پر ہیں، مقدمے میں باضابطہ طور پر گرفتار اور جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ملزمان کی مجموعی تعداد 85 ہو گئی ہے۔
پریانتھا قتل کیس میں 52 ملزمان پہلے ہی جسمانی ریمانڈ پر ہیں، مقدمے میں باضابطہ طور پر گرفتار اور جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ملزمان کی مجموعی تعداد 85 ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ سیالکوٹ میں توہینِ مذہب کے الزام میں سیکڑوں افراد نے ایک فیکٹری کے سری لنکن منیجر کو تشدد کر کے قتل کر دیا تھا اور لاش جلا دی تھی جس کے بعد پاکستانی حکام کی جانب سے مقتول کی میت کولمبو میں ان کے گھر پہنچائی گئی جہاں ان کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔