بدقسمتی سے ماضی سے سبق نہیں سیکھا گیا، شاہد خاقان عباسی


اسلا م آباد(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ 50 سال قبل مشرقی پاکستان الگ ہوا، بد قسمتی سے ماضی سے سبق نہیں سیکھا گیا، نوجوان واقف نہیں ہے، علیحدہ ہونے والے وہی لوگ تھے جنہوں نے قائد اعظم کا ساتھ دیا۔پاکستان مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام سقوط مشرقی پاکستان کے 50 سال، اسباب۔ہم نے کیا سیکھا کے عنوان سے اسلام آباد میں تقریب منعقد کی گئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس آج ہی کے دن ہوا ہے، ہمیں ماضی سے سبق سیکھنا ہوگا، ریاست کو عوام کا حق تسلیم کرنا ہوگا۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ بد قسمتی سے ہم نے ماضی سے سبق نہیں سیکھا، کیا آج ہم نے ماضی سے سبق نہیں سیکھنا ہے؟ ضرورت اس وقت حالات اور معاملات کو سمجھنے کی ہے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ بنگلادیش میں جمہوری نظام چلتا رہا، بنگلادیش نے ترقی کی، جو ملک آئین کے مطابق نہیں چلتا کبھی ترقی نہیں کرتا، کوئی بھی ادارہ آئین سے بالا تر نہیں ہے، سب کو آئین میں رہ کر کام کرنا ہوگا۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ریاست کو عوام کا حق تسلیم کرنا ہوگا،  آئین کے بغیر جمہوریت نہیں چلتی، ہم سب کو آئین کے ماتحت ہوکر کام کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ جو گھر تقسیم ہوگا وہ کبھی ترقی نہیں کرسکے گا، دیکھنے کی ضرورت ہے ہم نے کیا کھویا، کیا پایا؟

شاہد خاقان عباسی نے کہا آج ملک کے ہر مسئلے کا حل آئین کے احترام میں ہے۔ جہاں عوام کی رائے مسترد کی جائے، ووٹ خریدا جائے وہاں افراد ترقی کرتے ہیں قوم نہیں۔

مسلم لیگ ن رہنما شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا آج بھی 1971 کی طرح حالات خطرناک ہیں۔ چئیرمین نیب کے تقرر معاملہ پر صدر کی جانب سے خط آیا ہے اس کا جواب ہم دیں گے۔ چئیرمین نیب کے لئے ایماندار، اچھی ساکھ والا ہونا چاہئے