پشاور(صباح نیوز)خیبرپختونخوا میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ طے کرنے کے لیے گورنر حاجی غلام علی اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کا مشاورتی اجلاس بے نتیجہ ختم ہو گیا، گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے صوبائی اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ دینے کے لیے مزید ایک ہفتہ مانگ لیا۔
گورنر ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا اور الیکشن کمیشن کے درمیان دو گھنٹے پر محیط مشاورتی اجلاس خوشگوار ماحول میں منعقد ہوا۔بیان میں بتایا گیا کہ اجلاس میں الیکشن کمیشن کے وفد نے گورنر کو انتخابات اور اس پر آنے والے اخراجات کے حوالے سے تفیصلی بریفنگ دی گئی اور سکیورٹی کے معاملات بھی زیر غور آئے۔تاہم خیبرپختونخوا میں انتخابات کے کرانے کے لیے کسی حتمی تاریخ کا فیصلہ نہ ہو سکا اور اسلام آباد میں ایک اور مشاورتی اجلاس کرنے پر اتفاق ہوا جو آئندہ ہفتے وفاقی دارالحکومت میں ہوگا۔
الیکشن کمیشن کے وفد میں سیکریٹری الیکشن کمیشن عمیر حمید خان، اسپیشل سیکریٹری الیکشن کمیشن ظفر اقبال اورڈی جی لا محمد ارشد شامل تھے۔گورنر غلام علی نے سیکرٹری الیکشن کمیشن کی سربراہی میں آنے والی کمیٹی سے کہا کہ وہ اگلے ہفتے آکر ملیں گے، سیکرٹری الیکشن کمیشن نے گورنر کے پی پر واضح کیا کہ وہ الیکشن کی تاریخ دینے کے پابند ہیں، گورنر تاریخ دیں تاکہ 90 دن میں انتخابات کرائے جا سکیں۔ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ صوبے میں انتخابات کی تاریخ دینا عید کا چاند دیکھنے سے بھی مشکل کام ہے،
الیکشن کمیشن کے ساتھ ہونے والے اجلاس میں پیشرفت ہوئی ہے، انتخابات کی تاریخ سے متعلق قوم جلد خوشخبری سنے گی۔گورنر غلام علی کا کہنا تھا پیر یا منگل کو الیکشن کمیشن کے دفتر جاوں گا، الیکشن کمیشن کے ساتھ اجلاس میں کسی فیصلے پر پہنچ جائیں گے۔ان کا کہنا تھا پنجاب سے خیبرپختونخوا میں ہونے والے الیکشن مختلف ہیں، صوبے میں امن و امان کی صورت حال پنجاب سے مختلف ہے، ایسا کوئی دن نہیں گزرا کہ یہاں کوئی حملہ نہ ہو، ایسا فیصلہ کریں جس سے عوام مشکل میں نہ پڑیں۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے لیے الیکشن شیڈول جاری کر دیا ہے، کاغذات نامزدگی 12 سے 14 مارچ تک جمع کرائے جا سکیں گے اور صوبے میں انتخابات 30 اپریل کو ہوں گے ۔،یاد رہے سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد الیکشن کمیشن نے گورنرخیبرپختونخوا کو انتخابات کے لیے تاریخ دینے لیے خط لکھا تھا ، جبکہ گورنر غلام علی نے تاریخ دینے کے بجائے الیکشن کمشن حکام کو تفیصلی مشاورت کے لیے جوابی خط لکھ کر پشاور آنے کی تجویز دی تھی۔