واشنگٹن(صباح نیوز) امریکہ نے افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی کے منجمد اثاثے جاری کرنے کے مطالبے پرکہا ہے کہ یہ بہت پیچیدہ اور چیلنجنگ معاملہ ہے، افغان منجمد اثاثے جاری نہ کرنے کی کئی وجوہات ہیں، افغان منجمد اثاثے جاری کرنے سے متعلق فی الحال کوئی اپ ڈیٹ نہیں ہے۔
ترجمان وائٹ ہاؤس نے افغان وزیر خارجہ کے مطالبے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ افغان منجمداثاثوں کے بارے میں اتحادیوں، شراکت داروں کیساتھ مل کر جائزہ لے رہے ہیں۔
وائٹ ہاؤس ترجمان کا کہنا ہے کہ افغانستان کے منجمد اثاثوں کے ناقابل رسائی رہنے کی کئی وجوہات ہیں، افغان منجمد اثاثوں کے حوالے سے نائن الیون متاثرین نے مقدمہ کیا ہوا ہے، طالبان امریکا اور اقوام متحدہ کی جانب سے پابندیوں کی فہرست میں شامل ہیں اور طالبان کو فائدہ پہنچائے بغیر افغان عوام تک منجمد اثاثوں کی رسائی بھی بنیادی سوال ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ فی الحال افغان اثاثے جاری کرنے سے متعلق کوئی اپ ڈیٹ نہیں ہے۔
واضح رہے کہ افغانستان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی کا اپنے ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ ہم امریکا سمیت تمام ممالک کیساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں، افغانستان کے خلاف پابندیوں کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا، افغانستان کو غیر مستحکم کرنا یا کمزور افغان حکومت کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔