مظفرآباد(صباح نیوز)کونکاں روڈ پرجیپ کو حادثہ، ایک خاتون سمیت 5جاں بحق اور 2زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ شام پٹہکہ سے کونکاں کلس جانے والی جیپ نمبر لاہور 3558کو جسے ڈرائیور اکرم ولد شبیرساکنہ کونکاں چلارہا تھا کلس کے قریب موڑ کاٹتے سینکڑوں فٹ گہری کھائی میں جاگری۔
حادثے کے نتیجے میں عبدالرحمن ولد احمد جی ساکنہ کونکاں، ماجد ولد یٰسین ساکنہ کونکاں، شریف ولدفقیر محمد ساکنہ کونکاں، بشیرولد سائیں ساکنہ کونکاں،مسماة صغیر زوجہ یٰسین ساکنہ کونکاں جاں بحق ہوگئے جبکہ اجمل نامی مسافر ولد نامعلوم ساکنہ کراچی پاکستان زخمی ہوگیا۔حادثہ ہوتے ہی پورے علاقے میں کہرام مچ گیا۔
سینکڑوں مرد وزن جائے حادثے پر پہنچ گئے اور جاں بحق وزخمی ہونے والے افراد کو ریسکیو کیا۔ دو افراد موقع پر جبکہ تین نے پٹہکہ پہنچ کردم توڑ دیا۔ مر نے والوں کے لواحقین کی چیخ وپکار سے فضا سوگوار ہوگئی۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کو ہفتہ کے روز آبائی قبر ستانوں میں سپردخاک کردیاگیا۔ حادثہ روڈ کی خستہ حالی کے باعث پیش آیا۔ مذکورہ روڈ پر گزشتہ بیس سالوں کے دوران درجنوں حادثات ہوچکے ہیں۔