وزیراعظم آزاد کشمیر نے ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کیلئے فنڈ قائم کر دیا


مظفرآباد(صباح نیوز)وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کیلئے فنڈ قائم کر دیا اور مخیر حضرات اور عوام سے فنڈ میں عطیات جمع کروانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ترک بھائیوں کی مدد کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

سردار تنویر الیاس نے کہاکہ ترکیہ نے پاکستان کے قومی مفادات کے تحفظ میں ہمیشہ مخلصانہ مدد کی ہے، 2005 کے زلزلے کے بعد بحالی اور تعمیر نو میں ہمیں تعاون فراہم کیا۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے مزید کہا کہ ہمارا فرض ہے کہ زلزلے سے متاثرہ ترک بھائیوں کی مدد کیلئے تعاون کا ہاتھ آگے بڑھائیں، ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کیلئے عوام دل کھول کر عطیات دیں۔