مقبوضہ کشمیر، آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان اور دنیا بھر میں مقبول بٹ کی برسی کی تقریبات


سرینگر:مقبوضہ جموں وکشمیر، آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نےآج شہید کشمیر محمد مقبول بٹ کی برسی عقیدت واحترام سے منائی،شہید کشمیر محمد مقبول بٹ کی برسی پر بروزہفتہ مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال رہی جبکہ آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان میں خصوصی پروگرامات ہوئے ۔

اس موقع پر محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو سمیت تمام شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔تمام محمد یاسین ملک سمیت مقبوضہ جموںوکشمیر اور بھارتی جیلوں میں قید تمام کشمیریوں کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا گیا ۔

جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے بانی شہید کشمیر محمد مقبول بٹ کو 11فروری 1984 کونئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں تختہ دار پر لٹکایا گیا تھا۔ ان کی لاشیں لواحقین کو نہیں بلکہ جیل کے احاطے میں ہی دفن کی گئی تھی۔ ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس اورجموں و کشمیر لبریشن فرنٹ نے دی ہے جبکہ دیگر تمام حریت رہنماوں اور تنظیموں نے کال کی حمایت کی تھی۔بھارت نے تحریک آزادی میں نمایاں کردار کی پاداش میں محمد مقبول بٹ کو پھانسی دی تھی ۔

حریت کانفرنس کے رہنماوں نے محمد مقبول بٹ کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری شہدا کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور ان کے مشن کو ہر قیمت پر پورا کیا جائے گا۔ نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں قید کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ نے ممتاز کشمیری رہنما محمد مقبول بٹ کو ان کے39ویں یوم شہادت کے موقع پرشاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام اپنے عظیم شہداکی قربانیوں کی حفاظت کرتے ہوئے ان کے مشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کے پابند ہیں۔

مسرت عالم بٹ نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے بھیجے گئے ایک پیغام میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی طرف سے کل مکمل ہڑتال کی کال کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنے ہیروز کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ شہید محمد مقبول بٹ، شہید افضل گورو اور دیگر شہدانے کشمیر کی جدوجہد آزادی میں ایک نئی جان ڈالی اور وہ کشمیری عوام کے لیے مشعل راہ رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی غلامی سے آزادی کی جدوجہد ان عظیم قربانیوں کو یاد کرکے زندہ رہتی ہے اور یہ دن بھارت اور اس کے کٹھ پتلیوں کے خلاف ہماری نفرت مزید بڑھاتے ہیں۔

مسرت عالم بٹ نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام گزشتہ سات دہائیوں سے اپنے وطن پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف مزاحمت کر رہے ہیں اور اس عرصے کے دوران لاکھوں کشمیریوں نے اس مقدس مقصد کے لیے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان شہدا کا مقدس لہو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔انہوں نے مقبوضہ جموںوکشمیرکے لوگوں پر زور دیا کہ وہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور اپنی خواہشات کے مطابق حل کرنے کے اپنے مطالبے پر ثابت قدم رہیں۔

انہوں نے کہا کہ فسطائی بھارت اپنی فوجی طاقت کے ذریعے کشمیریوں کی سرزمین پر حکومت کر رہا ہے لیکن ان کے دل کبھی نہیں جیت سکے گا۔نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں قید کل حریت کانفرنس کے رہنما شبیر احمد شاہ نے نے مقبول بٹ اور افضل گورو کی میتوں کی واپسی کے کشمیریوں کے مطالبے کو بھی دہرایا جو بدنام زمانہ تہاڑ جیل کے احاطے میں دفن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت دونوں شہداکے جسد خاکی کشمیریوں کے حوالے نہ کر کے اخلاقیات کے تمام اصول پامال کر رہا ہے۔