سرینگر جموں شاہراہ لینڈ سلائیڈنگ سے ایک بار پھر بند


سری نگر:سرینگر جموں شاہراہ ضلع رام بن کے علاقے بانہال میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے روک دی گئی ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کی انتظامیہ کے ایک اہلکار نے کہا کہ گزشتہ شام سے میہڑ، پنتھیال اور کیفے ٹیریا موڑ کے قریب مٹی کے تودے گرنے سے شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت میں خلل پڑا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملبہ ہٹانے کے بعد ٹریفک دوبارہ بحال کی جائے گی۔دریں اثنا ٹریفک پولیس نے ڈرائیوں اور مسافروں کو ہدایت کی کہ وہ سڑک کی حالت کی تصدیق کے بعد احتیاط سے سفر کریں۔

ادھر جموں وکشمیر میں انتظامیہ نے 12اضلاع میں برفانی تودے گرنے کی وارننگ جاری کر دی ہے۔مقبوضہ علاقے کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے اسلام آباد ، بانڈی پورہ، بارہمولہ، گاندربل، کپواڑہ، کولگام، ڈوڈہ، کشتواڑ ، پونچھ ، ریاسی ، رام بن اور راجوری اضلاع میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تودوں کی وارنگ جاری کی ہے۔ان اضلاع کے رہائشیوں کو بالائی علاقوں کے سفر سے گریز کی ہدایت کی کی گئی ہے۔