کشمیریوں کوشناخت، زمین اور وسائل سے محروم کرنے کی کوشش ہورہی ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ


 سری نگر۔۔۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلی اور نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ کشمیریوں کوشناخت، زمین اور وسائل سے محروم کرنے کی کوشش ہورہی ہے۔ شناخت، زمین اور وسائل سے محروم کرنے کی کوشش  کرنے والوں کے خلاف کشمیری عوام متحدہو جائیں۔

ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے بڈگام میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ معاشرے کے مختلف طبقات کے درمیان پائیدار اتحاد کے بغیر کشمیر میں کچھ حاصل کرنے کا کوئی راستہ نہیں دیکھتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اتحاد ہمارا عقیدہ ہونا چاہیے کہ ہم ہر وقت اور ہر حال میں قائم رکھیں ، ورنہ غربت، بے روزگاری کی شکل میں ہمارے مشترکہ مسائل کا کوئی خاتمہ نظر نہیں آتا۔انہوں نے کہا کہ اتحاد نہ کرنے کی قیمت ہماری آنے والی نسلوں کو بھگتنا پڑے گا۔

ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ جموں و کشمیر میں حالیہ واقعات نے لوگوں کے خوف کو بڑھا دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیری، گجر، ڈوگرہ یا پہاڑی پہلے ہی متعدد وجوہات کی بنا پر بٹ چکے ہیں اور ان کے سروں سے چھت چھیننے سے پہلے سے ہی سنگین صورتحال کو جنم دے گا۔