فریدہ بہن جی سمیت6 کشمیری حریت پسندوں کے خلاف مقدمے کی سماعت17مئی تک ملتوی


سری نگر(کے پی آئی)وسطی کشمیر کی ایک عدالت میں کشمیری خاتون رہنمافریدہ بہن جی سمیت6 کشمیری حریت پسندوں کے خلاف جعلی مقدمے کی سماعت سترہ مئی تک ملتوی  ہوگئی ہے ۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کی سینئر رہنماو جموں وکشمیر ماس موومنٹ کی چیرپرسن فریدہ بہن جی ،ماس موومنٹ کے چیف آرگنائزر عبدالرشید لون اور دیگر چار خواتین کارکنوںکے خلاف نام نہاد الیکشن بائیکاٹ مہم سے متعلق ایک مقدمہ  ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ گاندربل کی کی عدالت میں زیر سماعت ہے ۔

ماس موومنٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی،چیف آرگنائزر ماس موومنٹ عبدالرشید لون اور دیگر چار خواتین کارکنوں میمونہ ،افروزہ ،فریدہ اور حلیمہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ گاندربل کی عدالت میں پیش ہو ئیں ،تاہم عدالت کے جج کے رخصت ہونے کی وجہ سے کیس کی سماعت سترہ مئی تک ملتوی کی گئی اور فریدہ بہن جی سمیت ان رہنماوں و کارکنوں کو دوبارہ پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ۔

واضح رہے کہ ماس موومنٹ کی چیر پرسن فریدہ بہن جی کو 2014میں پارٹی کے ان کارکنوں سمیت گاندربل کے مین چوک میں نام نہاد الیکشن بائیکاٹ مہم کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا ، تاہم اس کیس کا چالان نہیں ہوا تھا جس کی وجہ سے فریدہ بہن جی سمیت ان رہنماوں او ر کارکنوں کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے تھے جس پر ان رہنماوں نے عدالت سے ضمانت حاصل کی اور اب کیس میں انہیں عدالت کی جانب سے بار بار پیش ہونے کے لئے کہا جاتا ہے ۔