تصویری نمائش بھارتی ظلم و ستم دنیا بھر کے سامنے لانے کا اہم ذریعہ ہے، مشعال ملک

اسلام آباد(صبا ح نیوز)چیئرپرسن پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن مشعال ملک نے کہا ہے کہ تصویری نمائش کی مدد سے بھارتی ظلم و ستم پوری دنیا اور مقبوضہ کشمیر کے لوگوں پر بھارتی فوج کی بربریت ساری دنیا کے سامنے لانے کا اہم ذریعہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل آرٹس کونسل کے زیر اہتمام تصویری نمائش کے موقع پر کیا۔مشعال ملک نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی ریاستی جبر اور مودی سرکار کے اوچھے ہتھکنڈوں کو دنیا بھر کے سامنے بے نقاب کرنا ہی اصل مقصد ہونا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ ہم مقبوضہ وادی کو ایک سب جیل میں تبدیل کرنے اور پچھلی سات دہائیوں سے مودی سرکار کی دہشت گردی اور کشمیریوں کی نسل کشی کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔مشعال ملک نے کہا کہ ہندوستان سب سے بڑا دہشت گرد ملک ہے۔

وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر حسین نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فاشسٹ مودی حکومت نے بھارتی غاصبانہ قبضے کے تحت مقبوضہ کشمیر پر مسلسل ظلم جاری رکھا ہوا ہے اور مجرمانہ طریقوں سے ڈیموگرافی بھی تبدیل کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیر کی حمایت جاری رکھے گا، کشمیریوں کے انسانی اور سیاسی حقوق کے تحفظ کا وعدے پورا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ کشمیر کو اپنی قراردادوں کے مطابق آزادی دلائے اور اس تنازعہ کا کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق جلد از جلد حل کرائے