کشمیر ایشو اور آزاد کشمیر کے تمام مسائل کا حل ہم بیٹھ کر نکالیں گے محمد شہبازشریف

مظفر آباد(صباح نیوز) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ علیحدہ علیحدہ سیاسی وابستگیوں کے باوجود ملک بھر کی سیاسی قیادت کا مظفر آباد میں کشمیر کاز کیلئے اکٹھے ہونا خوش آئند ہے۔

مظفر آباد میں کشمیری قیادت سے ملاقات میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا کہ  ستمبر میں اقوامِ متحدہ کے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں نے خود ہندوستان کے مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے پوری دنیا کے سامنے پردہ اٹھایا۔سات  دہائیوں سے ہندوستان کشمیر میں مظالم کی داستان رقم کر رہا ہے لیکن کشمیریوں کے جزبہ حقِ خود ارادیت کو ماند نہیں کر سکا. انہوں نے کہا کہ ہم اسی طرح سیاست کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اتحاد سے قومی ایشوز پر اکھٹے چلیں تو وہ وقت دور نہیں کہ ہمارے تمام مسائل حل ہو جائیں گے کشمیر ایشو اور آزاد کشمیر کے تمام مسائل کا حل ہم بیٹھ کر نکالیں گے. پاکستان آپکے ساتھ ہے اور ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ انکی جدوجہد میں شانہ بشانہ رہے گا

  وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت کی ملاقا ت کے موقع پر اسپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی اور وزیرِ اعظم آزاد کشمیر نے وزیرِ اعظم کی 5 فروری یومِ یکجہتی کشمیر پر مظفر آباد آمد کو کشمیر کاز کیلئے کلیدی قرار دیتے ہوئے اسکا خیرمقدم کیا. اجلاس کے شرکا نے کہا کہ وزیرِ اعظم پاکستان کی اس دن بذاتِ خود کشمیریوں کے مابین موجودگی کشمیریوں کے دلوں میں آزادی کیلئے موجود جذبے کو مزید بلند کرتی ہے. اس سے مقبوضہ جموں و کشمیر، ہندوستان، پاکستان اور پوری دنیا میں پاکستان کی کشمیریوں کی جدوجہد میں یکجہتی کا پیغام پہنچا ہے.

شرکا نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کی سیاست کو بالائے طاق رکھتے ہوئے تمام مقامی سیاسی قیادت کشمیر کاز کیلئے نہ صرف یکجا ہے بلکہ پاکستان کے اس تنازعے میں اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے. وزیرِ اعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس نے کہا کہ پورا کشمیر آج یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر وزیرِ اعظم پاکستان کی مظفر آباد آمد پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتا ہے اور آج کے اس اقدام نے کشمیریوں کے دل میں اپ کی قدر کو مزید بڑھایا ہے. انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کی جدوجہد میں انکا ساتھ دیا ہے بلکہ کشمیریوں کو پاکستانی شہریوں کی طرح تحفظ اور سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی ہے.

انہوں نے کہا کہ بالخصوص موجودہ حکومت میں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں اس امر کو یقینی بنانے کیلئے ذاتی دلچسپی پر کشمیری عوام وزیرِ اعظم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں.  ملاقات میں وزیرِ اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس، چوہدی محمد یاسین صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر، شاہ غلام قادر صدر پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر، سردار حسن ابراہیم خان صدر جموں کشمیر پیپلز پارٹی شریک ہوئے.  اس موقع پر وفاقی وزرا خواجہ سعد رفیق، رانا تنویر حسین، مریم اورنگزیب، مرتضی جاوید عباسی اور مشیرِ وزیرِ اعظم قمر الزماں کائرہ  موجود تھے ۔

دریں اثنامظفر آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے وفدسے ملاقات میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا کہ پاکستانی اپنے کشمیری بھائیوں کی آزادی کی جدوجہد میں انکے ساتھ ہمیشہ شانہ بشانہ رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ میں نے بذاتِ خود دنیا کے ہر بین الاقوامی فورم پر کشمیریوں پر ہندوستان کی طرف سے ڈھائے جانے والے مظالم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا. ہمیں قومی مفاد کیلئے سیاسی وابستگیوں کو بھلا کر ایک ہونا ہوگاپاکستان کا بچہ بچہ کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد میں انکے ساتھ ہے.اگر ہم اسی طرح قومی ایشوز پر اتحاد قائم رکھیں تو کشمیر کی آزادی دور نہیں.

اس موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس کے راہنماؤں نے وزیرِ اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی 5 فروری، یومِ یکجہتیِ کشمیر پر کشمیریوں کے مابین موجودگی کو کشمیر کاز کیلئے انتہائی خوش آئند قرار دیا اور وزیرِ اعظم کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہا. وفد نے وزیرِ اعظم کو اقوامِ متحدہ جنرل اسمبلی میں ہندوستان کی ظلم و جبر کی داستان کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے اور کشمیریوں کی آواز دنیا تک پہنچانے پر خراجِ تحسین پیش کیا.

اس کے علاوہ وزیرِ اعظم کے موجودہ دورے کو ان کی کشمیر کاز کیلئے ذاتی دلچسپی کا عکاس قرار دیا. ملاقات کرنے والوں میںں اسپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری انوار الحق، وزیرِ اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس، کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما محمود احمد ساغر، الطاف حسین وانی، محمد حسین خطیب، فیض احمد نقش بندی، سید یوسف نسیم اور منظور احمد الیاس ضیا حسین بھی  شامل تھے  ۔اسکے علاوہ وفاقی وزرا خواجہ سعد رفیق، رانا تنویر حسین، مریم اورنگزیب، مرتضی جاوید عباسی اور مشیرِ وزیرِ اعظم قمر الزماں کائرہ  بھی موجود تھے۔ مظفر آباد میں وزیراعظم محمد شہبازشریف نے مسلم لیگ ن  آزاد کشمیر کے ارکان اسمبلی  کے وفد سے بھی ملاقات کی ۔ وفد میںسابق وزیرِ اعظم آزاد کشمیر و ایم-ایل-اے راجا محمد فاروق حیدر خان،  ارکانِ قانون ساز اسمبلی وقار احمد نور، سردار امیر الطاف خان، شاہ غلام قادر، راجا محمد صدیق، محمد احمد رضا قادری اور محترمہ نثارن عباسی شامل  تھیں۔

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا کہ د دنیا بھر میں میں نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم کی داستان بے نقاب کی. پاکستان کشمیریوں کو انکے حقِ خود ارادیت کی فراہمی تک ان کے ساتھ ہر قسم کا تعاون جاری رکھے گا. مسلم لیگ ن  کے  ارکانِ قانون ساز اسمبلینے وزیرِ اعظم کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہا اور انکے 5 فروری کا دن کشمیر میں کشمیریوں کے ساتھ گزارنے کے اقدام پر مقبوضہ جموں و کشمیر اور آزاد کشمیر کے عوام کی طرف سے شکریہ ادا کیا.

انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن نے میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں ہمیشہ مسئلہ کشمیر اور کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کیلئے آواز بلند کی ہے.  شرکا نے وزیرِ اعظم کو شنگھائی تعاون تنظیم ازبکستان، سیکا قزاقستان اور اقوامِ متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھانے پر بھی خراجِ تحسین پیش کیا.