یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی،شہباز شریف کا وفاقی وزراء کے ہمراہ دورہ مظفر آباد

مظفرآباد(صباح نیوز) وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کا وفاقی وزراء  کے ہمراہ  یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرنے دارالحکومت مظفرآباد آمد پر سخت سیکورٹی انتظامات ، ہیلی پیڈ پر قائم مقام صدر ریاست چودھری انوارالحق اور وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے  کابینہ اراکین کے ہمراہ  معزز مہمانوں کا استقبال کیا،

وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے وزیراعظم آزاد کشمیر کے ہمراہ یادگار شہداء  پر گئے اور یادگار پر پھول چڑھائے شہداء  کے ایصال ثواب کے لیے خصوصی دعا کی پاک فوج کے دستے نے سلامی دی،  جس کے بعد وزیراعظم پاکستان آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی سیکرٹریٹ پہنچے تو آزادکشمیر پولیس کے چاق و چوبند اعزازی گارڈز کے  دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

سلامی کے چبوترے پر صدر آزادکشمیر چودھری انوارالحق اور وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان ہمراہ تھے اس سے قبل وزیراعظم پاکستان جب بذریعہ ہیلی کاپٹر پریڈ گراونڈ اترے تو قائم مقام صدر ریاست چودھری انوارالحق اور وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے  اراکین کابینہ چیف سیکریٹری و آئی جی کے ہمراہ انکا تپاک استقبال کیا وفد میں وفاقی وزرا خواجہ سعد رفیق،  مریم اورنگزیب، مرتضٰی جاوید عباسی، مشیر امور کشمیر قمرالزمان کائرہ بھی شامل تھے،

وزیراعظم پاکستان کے قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کو ریڈیو پاکستان، ریڈیو آزاد کشمیر مظفرآباد اور میرپور سمیت پاکستان ٹیلی ویڑن نیوز نے براہ راست نشر کیا جبکہ نجی ٹیلی ویڑنز، ریاستی اخبارات کے صحافیوں کو کوریج اور وزیراعظم پاکستان سے گفتگو کا موقع حسب سابق فراہم نہیں کیا گیا، سول سیکرٹریٹ چھتر دومیل کے علاقہ کو نوگو ایریا قرار دیکر ہر قسم کی نجی وپبلک ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل پر پابندی عائد تھی جس سے ہزار افراد شدید مشکلات کا شکار ہوئے۔