آزاد جموں وکشمیر اور گلگت بلتستان سمیت پاکستان بھر میں یوم یکجہتی کشمیر کی خصوصی تقریبات

اسلام آباد(صباح نیوز) آزاد جموں وکشمیر اور گلگت بلتستان سمیت پاکستان بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا ۔

اس موقع پر پاکستان بھر میں عام تعطیل رہی  اور سرکاری طور پرجموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے مختلف تقریبات کا اہتمام کیا  گیا ۔ یوم یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد کشمیری عوام کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد کیلئے پاکستان کے عوام کی جانب سے غیر متزلزل حمایت کا اظہار کرنا ہے اورکشمیریوں کے خلاف قابض بھارتی فوج کے بدترین مظالم کو بے نقاب کرنا بھی ہے۔

  اس موقع پرپاکستانی عوام اور حکومت ایک مرتبہ پھر اس عزم کا اعادہ  کیا کہ  کہ وہ  مقبوضہ  جموںوکشمیر کے لوگوں کی تائید و حمایت اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک انہیں اپنا پیدائشی حق ، حق خود ارادیت نہیں مل جاتا۔یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں وفاقی دارلحکومت اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارلحکومتوں لاہور، کراچی ، پشاور، اور کوئٹہ کو جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی  کے بینروں سے سجایا گیا ہے۔

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پرملک بھر میں صبح دس بجے ایک منٹ کیلئے خاموشی اختیار کی گئی اور کشمیری شہدا کی قربانیوں کوخراج عقیدت پیش کرنے کے لئے سائرن بجائے گئے ۔اسلام آباد، مظفر آباد، گلگت اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں یکجہتی واکزکا بھی اہتمام کیا گیا ۔کوہالہ سمیت پاکستان اور آزاد کشمیرکو ملانے والے دیگر اہم مقامات پر انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بنائی گئیں ۔

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے  مظفرآباد میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کیا ۔ پی ٹی وی ، نجی  ٹیلی وژن اورریڈیو پاکستان بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے خصوصی پروگرام نشر کیے گئے ۔