ہندوستان کے ساتھ تمام معاہدے منسوخ اور کشمیریوں کی عملی مدد کی جائے۔ لیاقت بلوچ

مظفرآباد(صباح نیوز) جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ مستند عالمی دہشت گرد نریندمودی ظالمانہ اور متعصبانہ اقدامات کے ذریعے کشمیریوں کی نسل کشی کررہا ہے مقبوضہ جموں وکشمیر کے مسلم تشخص پر وار کر کے غیر ریاستی انتہاپسند ہندوں کو ڈومیسائل جاری کرکے عالمی قوانین کی دھجیاں بکھیر رہا ہے 15لاکھ قابض افواج نے مقبوضہ جموں وکشمیر کو کھلی جیل میں تبدیل کررکھا ہے کشمیریوں کو بنیادی انسانی حقوق سے محروم کررکھا ہے،عفت مآب ماں بہنوں پر تشدد اور خواتین کو لاپتہ کیا جارہا ہے ہندوستان عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر سلامتی کونسل کی قراردادوں کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہورہا ہے انسانی حقوق کے عالمی اداروں کی رپورٹس ہندوستان کے مکروہ چہرے کو دنیا میں بے نقاب کررہی ہیں حکومت پاکستان جنگی جرائم میں ملوث ہندوستان کے خلاف عالمی سطح پر بھرپور سفارتی مہم منظم کرے،ہندوستان کے ساتھ تمام معاہدات منسوخ کرے اور کشمیریوں کی عملی مدد کی جائے،

ان خیالات کااظہار انہوں نے   جماعت اسلامی کے زیر اہتام    یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے مظفرآباد میں ریلی  سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر قائمقام امیر جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر شیخ عقیل الرحمان ایڈووکیٹ،سابق سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد مشتاق احمد،امیر جماعت اسلامی ضلع مظفرآباد لطیف عباسی،شمشیر خان،بشیر اعوان،خالد زیدی،جاوید میر،راجہ آفتاب،عبدالصمد ایڈووکیٹ سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ ہندوستان مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت پر وار کرنے کے بعد اسلامی کے اسلامی تشخص کو ختم کرنے کے لیے تاریخی عمارات،شاہرات جو مسلمانوں کے ہیروز کے ناموں سے منسوب تھیں کو تبدیل کر کے ہندوں کے ناموں سے منسوب کررہا ہے،کشمیریوں کی زمینوں پر قبضہ کیا جارہا ہے قائدین حریت کی جائیدادوں سمیت جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کی جائیدادیں لاکھوں کنال اراضی،فلاح عام ٹرسٹ،دینی مدارس بحق سرکار ضبط کر رہا ہے کشمیری نوجوانوں کو ہدف بنا کر جعلی مقابلوں میں شہید کیا جارہا ہے قائدین حریت کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں انہیں علاج معالجے سے محروم رکھا جارہا ہے

انہوں نے کہاکہ ہندوستان کی ریاستی دہشت گردی اور جبر کے باوجود کشمیری حریت پسند عوام کے حوصلوں اور استقامت کو سلام پیش کرتے ہیں جو سید علی شاہ گیلانی کے مشن کی تکمیل کے لیے میدان میں ڈٹے ہوئے ہیں انہوں نے کہاکہ یہ آزادی کا بیس کیمپ ہے اس کے حقیقی کردار کو بحال کیا جائے شہدا کے مقدس لہو سے بے وفائی نہ پہلے کسی کو راس آئی ہے اور نہ اب آئے گی۔

یکجہتی کشمیر کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائمقام امیر جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر شیخ عقیل الرحمان ایڈووکیٹ نے کہا کہ پاکستان کے حکمرانوں اور جنرلز سے ہم پوچھتے ہیں کہ کشمیر جل رہا ہے کشمیریوں نے سب کچھ قربان کر دیا ہے اب کس کا انتظار ہے، آزادی ہمارا حق ہے ہم اپنی جانیں قربان کر کے آزادی حاصل کر کے رہیں گے پاک فوج اور حکمران اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اہل پاکستان کا کشمیریوں کے ساتھ فقید المثال اظہار یکجہتی پر ہم ان کے شکر گزار ہیں،جماعت اسلامی پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی حقیقی پشتیبانی کا حق ادا کیا،قاضی حسین احمد  نے پاکستانی قوم حکومت اور عالمی اسلامی تحریکوں کو کشمیریوں کی پشت پر لاکھڑا کیا ریاست پاکستان اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرے،محض سیاسی،اخلاقی اور سفارتی نہیں بلکہ قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمان کے مطابق فوج عملی کارروائی کرے فوج کو فوج ہی نکال سکتی ہے،