ہمیں متحد ہو کرکشمیریوں کے روشن مستقبل کے لیے جدو جہد کرنا ہوگی، رانا تنویر حسین

اسلام آباد(صباح نیوز) نجی تعلیمی اداراجات ریگولیرٹی اتھارٹی (آئی سی ٹی پیرا)کی خصوصی ہدایات پر اسلام آباد کے نجی سکولوں اور کالجوں میں یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا جس میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور بیداری پیدا کرنے اور کشمیریوں کی حمایت کے لیے تقاریرومضامین سمیت خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔

مہمان خصوصی وفاقی وزیربرائے تعلیم وپیشہ ورانہ تربیت رانا تنویر حسین نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہمارا دل ان شہدا کے لیے دھڑکتا ہے جنہوں نے اپنے حقوق کے لیے لڑتے ہوئے اپنی جانیں گنوائیں،ہم ان لوگوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو مشکلات کے باوجود مزاحمت کرتے رہتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ہمیں متحد ہو کرکشمیریوں کے ایک روشن مستقبل کے لیے جدو جہد کرنا ہوگی۔ جہاں کشمیر کے لوگ امن اور آزادی اور وقار کے ساتھ رہ سکیں۔

ترجمان آئی سی ٹی پیرا ظفر اقبال یوسفزئی نے کہا کہ 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد یہ پیغام دینا ہے کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے جنہیں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ہاتھوں انسانی حقوق کی پامالیوں کا سامنا ہے۔نجی تعلیمی اداروں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ اسلام آباد کے نجی اسکولوں/کالجوں کے ذریعہ منایا جانے والا ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ دن جس میں اساتذہ اور طلبا معصوم کشمیریوں کی آواز کو پوری دنیا تک پہنچانے کے لیے امن واک کرتے ہیں۔

طلبا نے کشمیر کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کیا اور ٹیبلوز بھی پیش کیے جس میں کشمیری عوام کی اخلاقی حمایت اور ان کی دیرینہ جدوجہد آزادی کو تسلیم کرنے کے لیے کشمیری عوام کے مسائل کو پیش کیا گیا۔