عالمی عدالت بھارت سے کشمیریوں کی نسل کشی پر جواب مانگے،مشال ملک


اسلام آباد(صباح نیوز) مقبوضہ کشمیر کے حریت پسند رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے کہا ہے کہ گزشتہ 75سال سے بھارتی فوج کشمیریوں پر ظلم و بربریت جاری رکھے ہوئے ہے، ہمارا ایک مطالبہ ہے کہ حق خودارادیت دیا جائے،عالمی عدالت بھارت سے کشمیریوں کی نسل کشی پر جواب مانگے۔

حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ گزشتہ 30سالوں سے پاکستانی قوم بھارتی افواج کے ظلم و جبر کے شکار کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا دن منا رہی ہے لیکن گزشتہ 75سالوں سے بھارت مظالم کی نئی داستان رقم کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں ہر طبقہ زندگی سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں کی شکر گزار ہوں کہ وہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، ہر سال پاکستانی عوام کی جانب سے ایک مضبوط پیغام دنیا کو دیا جاتا ہے لیکن کب تک ہم یہ دن منائیں گے کشمیریوں کو اب آزادی ملنی چاہیے۔مشعال ملک نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی عدالت میں بھارت سے کشمیریوں کی نسل کشی پر جواب مانگے۔