کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی پربھارت کا مکروہ چہرہ دنیا بھر میں عیاں ہوچکا ہے، صادق سنجرانی

اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کشمیر ڈے کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کر کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کی بدترین مثال قائم کی ہے۔ کشمیر میں بڑھتی ہوئی بھارتی بربریت، ظلم وستم اور انسانی حقوق کی بدترین پامالی نے بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا بھر میں عیاں کر دیا ہے اب وقت آچکا ہے کہ انسانی حقوق کے علمبردار ممالک ادارے اور تنظیمیں کشمیر کے مسئلے کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے اقدامات اٹھائیں۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں نے اس مسئلے کے     پر امن حل کیلئے اقدامات اٹھائیں ہیں۔ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے ملکی و بین الاقوامی سطح پر مل کر مزید اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام اور ادارے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں نہ صرف معصوم نہتے کشمیریوں کی بھر پور حمایت کرتے ہیں بلکہ ان کی آزادی کے حصول تک کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں  کریں گے۔

ڈپٹی چئیرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے کہا کہ 5 فروری کا دن کشمیریوں کی طرف سے آزادی کے حصول کیلئے دی جانے والی قربانیوں کیلئے اظہار یکجہتی کا دن ہے جسے ملک بھر میں بسنے والے تمام پاکستانی و کشمیری بھر پور جذبے سے مناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں، ادارے اور پوری قوم یک زبان ہے۔مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قرادادوں کے مطابق ہی حل ہوگا۔