پانچ فروری پاکستان میں کشمیریوں کے لئے ایک مثالی دن بن گیا ہے۔ فریدہ بہن جی


سری نگر(کے پی آئی)کل جماعتی حریت کانفرنس کی سینئر رہنمااور جموں وکشمیرماس موومنٹ کی چیر پرسن محترمہ فریدہ بہن جی نے پانچ فروری یوم یکجہتی کشمیر کوبھرپور طریقے سے منانے پر حکومت پاکستان اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاہے کہ پانچ فروری پاکستان میں کشمیریوں کے لئے ایک مثالی دن بن گیا ہے جب خیبر سے کراچی تک کشمیر پرپوری پاکستانی قوم ایک آواز بن کر کشمیریوں کے لئے سڑکوں پر نکلتی ہے

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں فریدہ بہن جی نے کہا کہ پاکستان کے سرکاری سطح پر یوم یکجہتی کشمیر منانے سے کشمیریوں کو اس بات کا حوصلہ ملتا ہے کہ وہ اپنی جدوجہد میں اکیلے نہیں ہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم ان کی پشت پر کھڑی ہے ،حریت رہنمانے کہا کہ یومِ یکجہتی کشمیر 5 فروری کو منانے کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں کا کردار ہے، 5 فروری ایسا دن ہوتا ہے جس دن پوری پاکستانی قوم تمام اختلاف بھلا کر کشمیر پر یکجا ہو جاتی ہے پاکستان کشمیریوں کی سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمائت کر رہا ہے تاہم اس وقت کشمیر کی جو سنگین صورتحا ل ہے اس کے تناظر میں پاکستان کو کشمیر کے مسئلے پر عالمی برادری خاصکر اقوام متحدہ سے یہ دوٹوک بات کرنی چاہیے کہ بھارت کے عزائم خاص کر مودی سرکار کے مقبوضہ کشمیر میں اسرائیلی طرز کی کارروائیوں سے خطے کے امن کو سنگین خطرات لاحق ہیں اورمسئلہ کشمیر کے حل میں مزید تاخیر سے جوہری جنگ کا خطرہ ہے،ان حالات میں عالمی برادری کو اپنی زمہ داریوں کا احساس کرنا چاہیے ۔

فریدہ بہن جی نے کہاکہ 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدام کے ذریعے بھارت مقبوضہ علاقے کی آبادی کو تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے ، بھارت نے غیر کشمیریوں کو جموں و کشمیر کا ڈومیسائل بھی جاری کیا ہے، بھارت حلقہ بندیوں کو تبدیل کرکے اور مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدل کرکے مقبوضہ علاقے میں ہندو وزیر اعلی لگانا چاہتا ہے۔ا ن حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے حکومت پاکستان کو ٹھوس اقدامات اٹھانے چاہیے اور عالمی برادری پر دباو ڈالا جائے کہ وہ کشمیر کے دیرینہ تنازعہ کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کے لیے آگے آئے

فریدہ بہن جی نے خیبر سے کراچی تک یوم یکجہتی کشمیر منانے پر پوری پاکستانی قوم کے علاوہ آزاد کشمیر کے عوام و حکومت کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کشمیریوں کے اس عزم کو دہرایا کہ کشمیر سے بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خاتمے تک جدوجہد ہر قیمت پر جاری رہے گی